انیس(19)بچوں کی ماں نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرلی
سعودی عرب کی خاتون ڈاکٹر حمدہ الرویلی نے اپنی زندگی کی مصروفیات کے باوجود اپنے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ ان کی زندگی کی یہ کامیابی ایک مثالی سفر کی عکاسی کرتی ہے، جو ثابت کرتی ہے کہ مضبوط ارادے اور عزم سے کچھ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے
ڈاکٹر حمدہ نے سعودی ٹی وی کے پروگرام ’الراصد‘ میں بتایا کہ تعلیم کے لیے ان کا شوق ہمیشہ سے قائم رہا۔ شادی اور گھریلو مصروفیات کے بعد بھی انہوں نے اپنے خواب کو ترک نہیں کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنا ایک مشکل کام تھا، خاص طور پر جب آپ 19 بچوں کی ماں ہوں، لیکن مضبوط عزم سے یہ ممکن ہو سکا‘‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے 19 بچے ہیں، جن میں 9 بیٹیاں اور 10 بیٹے شامل ہیں۔ سب سے بڑے کی عمر 23 سال ہے جبکہ سب سے چھوٹا صرف 4 ماہ کا ہے۔ ڈاکٹر حمدہ کے مطابق، ’’اتنے بچوں کی تربیت اور ساتھ میں اپنی تعلیم جاری رکھنا ایک بڑا چیلنج تھا، لیکن میں نے اپنی زندگی کو منظم کر کے اس خواب کو پورا کیا‘‘۔
ڈاکٹر حمدہ نے بتایا کہ ان کی کامیابی کا راز وقت کی بہترین تقسیم میں پوشیدہ ہے۔ وہ نفسیاتی کلینک میں کام کرتی ہیں اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں بھی متحرک ہیں۔ ان کے مطابق، ’’میں نے ہمیشہ فضول سرگرمیوں سے دور رہ کر اپنے وقت کو تعلیم، بچوں کی تربیت، اور اپنے خوابوں کے حصول کے لیے وقف کیا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بچوں میں بھی تعلیم کا جذبہ پایا جاتا ہے۔ ان کی ایک بیٹی نے میٹرک کے دوران ذہین طالب علم کا ایوارڈ حاصل کیا، جبکہ باقی بچے بھی اپنی تعلیم میں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر حمدہ کی یہ کہانی ایک اہم سبق ہے کہ انیس(19) بچوں کی ماں کی ڈاکٹریٹ کی ڈگری صرف محنت اور مستقل مزاجی سے ہی ممکن ہوئی۔ ان کی یہ کامیابی ایک ایسی مثال ہے جو دنیا بھر کی خواتین کو متاثر کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہناز لغاری پاکستان کی پہلی حجابی خاتون پائلٹ