رپورٹ کے مطابق 2023 میں “محمد” برطانیہ میں سب سے مقبول نام
لندن: 2023 کے دوران محمد کا نام انگلینڈ اور ویلز میں سب سے زیادہ رجسٹر ہونے والا لڑکوں کا نام بن گیا ہے۔ آفس فار نیشنل اسٹیٹیسٹکس (ONS) کے مطابق، محمد مختلف اسپیلنگز کے ساتھ بھی مقبول ترین نام رہا ہے۔ اگر تمام اسپیلنگز کو شمار کیا جائے تو یہ نام گزشتہ کئی سالوں سے مقبولیت کی بلندی پر ہے۔ اس سے قبل سب سے مقبول نام نوح تھا، جسے اب محمد نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
محمد کی بڑھتی ہوئی مقبولیت
اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں محمد نام 4,177 مرتبہ رجسٹر ہوا تھا، جبکہ 2023 میں یہ تعداد 4,661 تک پہنچ گئی۔ یہ نام خاص طور پر لندن، ویسٹ مڈلینڈز، یارکشائر، اور نارتھ ویسٹ جیسے علاقوں میں مقبول ہے، جہاں مسلمانوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔
اسلامی ناموں کا غلبہ
2023 کے ٹاپ 100 لڑکوں کے ناموں میں دیگر اسلامی نام جیسے یوسف، موسیٰ، اور ابراہیم بھی شامل رہے۔ اولیور تیسرے، جارج چوتھے، اور لیو پانچویں نمبر پر رہے۔ لڑکیوں کے ناموں میں اولیویا مسلسل آٹھویں سال سب سے زیادہ مقبول رہی، جبکہ ایمیلیا اور اسلا دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ مسلمانوں کے درمیان لیلیٰ، مریم، اور فاطمہ جیسے نام بھی ٹاپ 100 میں نمایاں رہے۔
ثقافتی رجحانات اور اسلامی اثرات
آفس فار نیشنل اسٹیٹیسٹکس (ONS) کے مطابق، بچوں کے نام رکھنے کے رجحانات پر مقبول کلچر کا گہرا اثر ہے۔ اس کے علاوہ، برطانیہ اور یورپ میں اسلام کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے اسلامی ناموں کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اگرچہ نسلی امتیاز کے واقعات بھی موجود ہیں، لیکن برطانیہ اور یورپ کے دساتیر میں مذہبی آزادی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ نوجوان طبقے میں اسلامی تعلیمات اور رجحانات کو اپنانے کا رجحان خوش آئند ہے، جس میں مختلف اسلامی اصلاحی تحریکوں کا کردار بھی قابلِ تعریف ہے۔