حال ہی میں بہروز سبزواری نے اپنی اہلیہ صفینہ بہروز کے ہمراہ ایک مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں دونوں نے اپنی خوشگوار ازدواجی زندگی کے راز اور کامیابیوں پر بات چیت کی۔ بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں کامیابی کا راز ان کی اہلیہ ہیں، جن کی موجودگی نے ان کے کیریئر اور زندگی میں مثبت تبدیلیاں لائیں۔
صفینہ بہروز نے بھی اس موقع پر کہا کہ شادی کے سالوں میں محبت، عزت اور خیال رکھنے کے جذبات مزید گہرے ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شوہر سے زیادہ محبت کرتی ہیں جبکہ ان کے شوہر ان کا زیادہ خیال رکھتے ہیں۔
بہروز سبزواری نے مزید کہا کہ والدین اور اولاد کی محبت اپنی جگہ، لیکن میاں بیوی کا رشتہ سب سے منفرد اور قریبی ہوتا ہے۔ ان کے مطابق، جو ساتھ میاں بیوی ایک دوسرے کو دیتے ہیں، وہ کسی اور رشتے میں ممکن نہیں۔ صفینہ بہروز نے اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ایک کامیاب شادی میں عورت کی قربانیوں کا کردار اہم ہوتا ہے۔
اداکار نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ازدواجی تعلقات میں صبر اور برداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کو جوڑے رکھنے میں ان کی اہلیہ نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرد کو شادی میں زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اگر بیوی بددماغ ہو تو بھی اسے محبت سے سمجھانا چاہیے۔
طلاق کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بات کرتے ہوئے، بہروز سبزواری نے کہا کہ آج کل شادی شدہ جوڑوں میں برداشت کم ہوتی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے رشتے زیادہ دیر قائم نہیں رہتے۔ ان کے مطابق، والدین اپنی بیٹیوں کو لاڈ پیار میں بگاڑ دیتے ہیں اور انہیں یہ تاثر دیتے ہیں کہ انہیں ہر حال میں ترجیح دی جائے گی۔ یہی رویہ ازدواجی زندگی میں مسائل پیدا کرتا ہے، کیونکہ جب لڑکیاں نئے گھر میں اپنی بات منوانے کی کوشش کرتی ہیں تو ذہنی ہم آہنگی متاثر ہوتی ہے اور انجام کار طلاق تک نوبت آ جاتی ہے۔
بہروز سبزواری کے مطابق، کامیاب شادی کے لیے دونوں فریقین کو سمجھوتہ اور ایک دوسرے کی عزت کرنے کا رویہ اپنانا چاہیے۔
بولی وڈ کی سب سے مہنگی طلاق، ہریتھک روشن نے سوزین خان کو 380 کروڑ ادا کیے