ہولی کا تہوار: وزیراعلیٰ مریم نواز کا اقلیتی برادری کے لیے خصوصی پیغام
ہولی محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت ہے
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہندو برادری کے ہولی کے تہوار پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ رنگوں کا یہ خوبصورت تہوار ہے، ہولی محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت ہے۔ پنجاب حکومت اقلیتوں کے مذہبی اور ثقافتی تہواروں کو سرکاری سطح پر منانے کا بھی اہتمام کر رہی ہے۔ اقلیتی برادری کے افراد کو تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات یکساں طور پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ پاکستان میں ہر مذہب، ہر برادری کو مکمل احترام حاصل ہے، اور حکومت پنجاب اقلیتوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ایسا پنجاب بنا رہے ہیں جہاں ہر شہری خود کو محفوظ، بااختیار اور برابر کا پاکستانی محسوس کرے۔ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ہندو، سکھ، عیسائی سمیت تمام اقلیتی برادری کو وہ تمام حقوق حاصل ہیں جو ایک عام پاکستانی شہری کو حاصل ہیں۔ اسی بنیاد پر پاکستان کو اقلیتوں کی جنت کہا جاتا ہے، اور ہر اقلیتی باشندہ پاکستان کو نہ صرف اپنا وطن سمجھتا ہے بلکہ اس کی ترقی میں اپنا بھرپور حصہ بھی ڈالتا ہے۔
اقلیتی برادری کے لیے خصوصی حکومتی اقدامات
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر نگرانی اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں منیارٹی کارڈ پروگرام، اقلیتوں کے مذہبی تہواروں کے لیے گرانٹس، اور ان کے اداروں کے بجٹ میں اضافہ شامل ہے۔ اقلیتوں کی جان و مال کے تحفظ کو ریڈ لائن قرار دیا جا رہا ہے تاکہ ہر شہری خود کو محفوظ، بااختیار اور برابر کا پاکستانی محسوس کرے۔
پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنی ایک سالہ حکومتی کارکردگی میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے متعارف کرائے، جن میں میگنی فیشنٹ پنجاب (شاندار پنجاب) میگا ٹورسٹ منصوبہ، دھی رانی پروگرام کے تحت اجتماعی شادیاں، صحت کارڈ کا اجراء، طلبہ و طالبات کو یکساں تعلیمی مواقع، اور جدید سفری سہولیات شامل ہیں۔ مریم نواز کی عوامی خدمت کا جذبہ پنجاب کو دوسرے صوبوں سے منفرد بنا رہا ہے، اور دیگر صوبوں کو بھی حکومت پنجاب کے ترقیاتی ماڈل کی تقلید کرنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیرِاعلیٰ پنجاب کا کشمیریوں کو آزادی کا پیغام