بھارتی بورڈ کا ہنگامی اجلاس اور فیصلہ
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملوں کے بعد پاک فوج کی جوابی کارروائیوں نے دشمن کو بری طرح بوکھلا دیا ہے، جس کے نتیجے میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو معطل کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ بی سی سی آئی اور آئی پی ایل منجمنٹ کے درمیان ہنگامی اجلاس ہوا جس میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایونٹ کو غیر معینہ مدت تک روک دیا جائے گا۔
آئی پی ایل میچز معطل، کھلاڑی بے یقینی کا شکار
رپورٹس کے مطابق بھارتی بورڈ جلد اس فیصلے کی باضابطہ تفصیلات جاری کرے گا۔ گزشتہ روز دھرم شالہ میں ہونے والا میچ بھی اچانک روک دیا گیا تھا اور اسٹیڈیم کی لائٹس بند کر دی گئی تھیں، جس سے شائقین اور کھلاڑیوں میں بے چینی کی فضا پھیل گئی۔ غیر ملکی کھلاڑیوں نے فوری طور پر فلائٹس کی بکنگ شروع کر دی تاکہ جلد سے جلد بھارت سے روانہ ہو سکیں۔
پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی اور حکومتی ردعمل
بھارت کی جانب سے پاکستان پر ہونے والے حملوں کے بعد پاک فوج کی موثر اور فوری کارروائیوں نے دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا ہے۔ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے واضح کیا کہ بھارت کو ایسا جواب دیا جائے گا جو دنیا یاد رکھے گی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا بھی کہنا تھا کہ بھارتی ڈرون حملوں کے بعد پاکستان کا ردعمل یقینی اور بھرپور ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت کشیدگی: آسٹریلوی کرکٹرز گھر کا راستہ دیکھنے لگے، فلائٹس کی تلاش شروع کردی