Wednesday, February 11, 2026
ہومPoliticsپہلے بھی مارا تھا پھر ماریں گے، بھارت کو جارحیت کا شوق...

پہلے بھی مارا تھا پھر ماریں گے، بھارت کو جارحیت کا شوق ہے تو پھر کرکے دیکھ لے، ہم تیار ہیں: پاک فوج

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت کو جارحیت کا شوق ہے تو کر کے دیکھ لے، ہم نہ صرف پہلے بھی جواب دے چکے ہیں بلکہ دوبارہ بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک معقول اور ذمہ دار ریاست ہے مگر دشمن کی کسی بھی حرکت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

بلوچستان میں کارروائیاں اور بھارتی سازشیں

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور وہاں کے ترقیاتی فنڈز مکمل دستیاب ہیں۔ انہوں نے بھارت کو خطے میں دہشت گردی کا مرکز قرار دیا اور کہا کہ بھارت کی جانب سے امرتسر سے میزائل فائر کرنا، ننکانہ صاحب پر ڈرونز سے حملے کی کوششیں، اور سکھ یاتریوں کے خلاف اقدامات بھارت کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرتے ہیں۔

سکھوں کے ساتھ پاکستان کا مثبت رویہ

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان سکھوں کے مقدس مقامات کی حفاظت کرتا ہے اور کرتارپور راہداری اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے جنرلز سے جھوٹ بلواتا ہے اور سکھ برادری کے ساتھ زیادتی کرتا ہے، جب کہ پاکستان ان سے محبت کا برتاؤ کرتا ہے۔

کشمیر، داخلی تقسیم اور سیزفائر کی حقیقت

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت سمجھتا تھا کہ پاکستان اندرونی طور پر تقسیم ہے، اسی لیے انہوں نے فوجی کارروائی کی کوشش کی لیکن انہیں واضح جواب ملا۔ سیزفائر محض وقتی ہے، اصل مسائل حل نہیں ہوئے۔ کشمیر کے مسئلے کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کشمیر میں سات لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے، جہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔

پانی پر بھارت کی دھمکیاں اور دہشتگردی کا استعمال

انہوں نے وزیراعظم پاکستان کے اس بیان کو دہرایا کہ بھارت کی پانی روکنے کی دھمکیاں بے معنی ہیں اور اس پر سخت ردعمل آئے گا۔ بھارت نے دہشتگردی کو پاکستان کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے، لیکن پاکستان اس چال کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بنیان المرصوص بھارت کیخلاف متحدہ مزاحمت تھی، ابھی افواج نے مکمل طاقت استعمال ہی نہیں کی: ترجمان پاک فوج

Most Popular