Tuesday, June 17, 2025
ہومHealthہر وقت پیاس محسوس ہوتی ہے؟ تو یہ کسی سنگین مرض کی...

ہر وقت پیاس محسوس ہوتی ہے؟ تو یہ کسی سنگین مرض کی نشانی بھی ہوسکتی ہے

جسمانی پیاس کا قدرتی نظام

ہمارا جسم جب پانی کی ضرورت محسوس کرتا ہے تو پیاس کے ذریعے ہمیں اشارہ دیتا ہے کہ اسے ہائیڈریٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ گرم موسم یا جسمانی مشقت جیسے حالات میں پیاس کا لگنا ایک عام اور قدرتی عمل ہے۔ لیکن جب پانی پینے کے باوجود بھی پیاس کا احساس برقرار رہے تو یہ کسی سنگین طبی مسئلے کی طرف اشارہ ہوسکتا ہے۔

ڈی ہائیڈریشن (پانی کی کمی)

ڈی ہائیڈریشن پیاس کی سب سے عام وجہ ہے۔ جب جسم کو پانی کم ملے تو وہ اپنے افعال درست انداز میں انجام نہیں دے پاتا، نتیجتاً پیاس کا احساس بڑھ جاتا ہے۔ ورزش، اسہال، قے یا زیادہ پسینے کے اخراج سے ڈی ہائیڈریشن ہوسکتی ہے۔ دیگر علامات میں پیشاب کا گہرا رنگ، کم پیشاب آنا، منہ اور جِلد کا خشک ہونا، سر چکرانا اور تھکاوٹ شامل ہیں۔

ذیابیطس (Diabetes Mellitus)

ذیابیطس کے مریضوں میں مسلسل پیشاب آنے کی وجہ سے جسم میں پانی کی کمی ہوتی ہے، جس کے باعث شدید پیاس لگتی ہے۔ خون میں شوگر کی سطح بڑھنے سے جسم ٹشوز سے پانی کھینچتا ہے جس سے دماغ کو پیاس کا سگنل جاتا ہے۔

ڈیابیٹس انسِیپیڈس (Diabetes Insipidus)

یہ بیماری اگرچہ نام سے ذیابیطس جیسی لگتی ہے مگر اس کا تعلق شوگر سے نہیں۔ یہ اس وقت ہوتا ہے جب جسم میں وہ ہارمون کم بنتے ہیں جو گردوں کو پانی برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس بیماری کی علامات میں مسلسل پیاس، بار بار پیشاب آنا اور ڈی ہائیڈریشن شامل ہیں۔

منہ خشک ہونا (Dry Mouth)

منہ خشک ہونے کی صورت میں بھی پیاس زیادہ لگتی ہے کیونکہ لعاب دہن کی کمی پیاس کا احساس بڑھا دیتی ہے۔ یہ مختلف ادویات، سگریٹ نوشی یا اعصابی مسائل کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔ دیگر علامات میں سانس کی بو، ذائقے کی تبدیلی، گاڑھا لعاب، مسوڑھوں میں خارش اور چبانے میں مشکل شامل ہیں۔

خون کی کمی (Anemia)

خون میں سرخ خلیات کی کمی کی وجہ سے بھی ہر وقت پیاس محسوس ہوسکتی ہے۔ خاص طور پر جب خون کی کمی شدید ہو۔ دیگر علامات میں تھکاوٹ، چکر آنا، جلد کی زردی، تیز نبض اور پسینہ آنا شامل ہیں۔

خون میں کیلشیئم کی زیادتی (Hypercalcemia)

کیلشیئم کی سطح اگر خون میں معمول سے زیادہ ہو جائے تو بھی شدید پیاس محسوس ہوتی ہے۔ ساتھ ہی بدہضمی، قبض، قے، مسلز کی کمزوری، ذہنی الجھن اور ڈپریشن جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔

دیگر ممکنہ وجوہات

نمکین یا مرچ والے کھانوں کا زیادہ استعمال، تھائی رائیڈ گلینڈ کا زیادہ متحرک ہونا، خون بہنے کی زیادتی، یا کچھ مخصوص ادویات کا استعمال بھی اس مسئلے کو جنم دے سکتا ہے۔

طبی مشورہ ضروری ہے

اگر آپ کو مستقل پیاس کا سامنا ہے اور یہ پانی پینے سے بھی دور نہیں ہوتی، تو یہ وقت ہے کہ آپ کسی مستند معالج سے رجوع کریں تاکہ اصل وجہ معلوم ہو سکے اور بروقت علاج ممکن ہو۔

یہ بھی پڑھیں:روزانہ ایک کیلے کو کھانے سے آپ اس عام ترین جان لیوا مرض سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں

Most Popular