موسم گرما کا بہترین پھل
آڑو کو گرمیوں کے پھلوں کی فہرست میں ایک خاص مقام حاصل ہے۔ اس کا کھٹا میٹھا ذائقہ نہ صرف خوش ذائقہ ہوتا ہے بلکہ اس میں موجود وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسائیڈنٹس اسے صحت کے لیے بے حد فائدہ مند بناتے ہیں۔ روزانہ صرف ایک آڑو کھانے سے جسم پر کئی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
نظام ہاضمہ کی بہتری
آڑو میں موجود غذائی فائبر نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے۔ ایک درمیانے سائز کے آڑو میں تقریباً 2 گرام فائبر ہوتا ہے، جو قبض کی روک تھام میں مدد دیتا ہے اور معدے میں موجود اچھے بیکٹیریا کے لیے خوراک فراہم کرتا ہے۔ اس سے معدے میں ورم کم ہوتا ہے اور دیگر ہاضمے کے امراض کا خطرہ گھٹتا ہے۔
پوٹاشیم کی فراہمی
پوٹاشیم جسم میں خلیاتی افعال کو درست رکھنے، بلڈ پریشر کنٹرول کرنے اور گردوں کی صحت کے لیے اہم ہے۔ ایک آڑو روزانہ کھانے سے پوٹاشیم کی روزانہ درکار مقدار کا تقریباً 8 فیصد حاصل ہوتا ہے۔
دل کی صحت کے لیے مفید
آڑو کھانے سے نقصان دہ کولیسٹرول، بلند فشار خون اور خون میں چکنائی کی سطح میں کمی آتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ پھل بلڈ پریشر بڑھانے والے ہارمونز کو بھی کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
مدافعتی نظام کو مضبوط بنائے
آڑو وٹامن سی اور ای کا اچھا ذریعہ ہے، جو زخموں کے جلد بھرنے، خلیاتی تحفظ اور مدافعتی نظام کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ وٹامن ای خون کی شریانوں کو کشادہ رکھتا ہے اور بلڈ کلاٹس کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
خون کی کمی میں مددگار
آڑو میں آئرن موجود ہوتا ہے جو ہیموگلوبن کی پیداوار میں مدد دیتا ہے۔ اسے دیگر آئرن سے بھرپور غذاؤں کے ساتھ استعمال کرنے سے خون کی کمی کا علاج ممکن ہو سکتا ہے۔
جلد کی صحت کے لیے فائدہ مند
آڑو کھانے یا اس کے گودے کو جلد پر لگانے سے جلد کی نمی برقرار رہتی ہے، ساخت بہتر ہوتی ہے اور سورج کی شعاعوں سے تحفظ ملتا ہے۔
بلڈ شوگر کنٹرول
آڑو میں ایسے مرکبات پائے جاتے ہیں جو ہائی بلڈ شوگر اور انسولین کے خلاف مزاحمت کو کم کرتے ہیں، یوں یہ ذیابیطس کے خطرے کو کم کر سکتا ہے۔
ہڈیوں کی مضبوطی
پوٹاشیم ہڈیوں کے حجم کو برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے، خاص طور پر بڑھتی عمر کے ساتھ جب ہڈیوں کی صحت متاثر ہونے لگتی ہے۔
دانتوں کی صحت میں مددگار
فلورائیڈ کی موجودگی آڑو کو دانتوں کے لیے فائدہ مند بناتی ہے۔ یہ منرل منہ میں موجود جراثیم کا خاتمہ کر کے دانتوں کو محفوظ رکھتا ہے۔
ورم کم کرتا ہے
آڑو میں موجود نباتاتی پولی فینولز اور پری بائیوٹکس جسم میں ورم کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، جو کہ مختلف امراض جیسے دل، کینسر اور الزائمر کے خطرے کو گھٹاتا ہے۔
وزن کو کنٹرول میں رکھتا ہے
آڑو میں کیلوریز کم، پانی زیادہ، چکنائی اور کولیسٹرول نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے، اور فائبر بھی مناسب مقدار میں ہوتا ہے۔ اس سے پیٹ دیر تک بھرا محسوس ہوتا ہے اور وزن کنٹرول میں رہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گرمیوں میں توانائی دینے والے پانچ بہترین قدرتی پھل