29 آئی پی پیز سے مذاکرات مکمل، بجلی 6 روپے فی یونٹ تک سستی ہونے کا امکان
وزیراعظم کل بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان کریں گے؟
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کل قوم سے خطاب میں بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کا اعلان کر سکتے ہیں۔ پاور ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 29 آزاد بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں (آئی پی پیز) سے مذاکرات مکمل ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں بجلی کی قیمت 6 روپے فی یونٹ تک کم ہونے کا امکان ہے۔
2498 ارب روپے کی ممکنہ بچت
ذرائع کے مطابق آئی پی پیز کے معاہدوں میں ترامیم اور کچھ معاہدوں کے خاتمے سے بجلی کی قیمت میں کمی کی گنجائش نکلی ہے۔ ان مذاکرات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2498 ارب روپے کی بچت متوقع ہے، جو مختلف پاور پلانٹس کے 3 سے 20 سالہ معاہدوں پر لاگو ہوگی۔
سبسڈی بڑھانے کی تجویز
حکومت کی جانب سے ملک بھر میں بجلی پر سبسڈی بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے مزید ریلیف دیا جا سکے۔
قوم کے لیے بڑی خوشخبری؟
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کل قوم سے خطاب میں عوام کے لیے کسی بڑے فیصلے کا اعلان کریں گے، جسے ایک “سرپرائز” قرار دیا جا رہا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ یہ اعلان بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے متعلق ہوگا، جس کا عوام کو شدت سے انتظار ہے۔
یہ بھی پڑھیں:زرعی ٹیوب ویلوں اور 300 یونٹ والے صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں میں ریلیف