افواجِ پاکستان کی زبردست جوابی کارروائی
اللہ کے فضل و کرم سے معرکہ بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ اس آپریشن میں پاک فضائیہ نے جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 بھارتی رافیل طیاروں سمیت 6 دشمن جنگی طیارے تباہ کیے۔ پاک فوج نے بھی زمینی محاذ پر دشمن کو بھرپور جواب دیا، خاص طور پر فتح راکٹ سسٹم کے کامیاب استعمال نے دشمن کی دفاعی لائنوں کو مفلوج کرکے رکھ دیا۔
فتح راکٹ سسٹم: مقامی ٹیکنالوجی کی کامیابی
فتح راکٹ سسٹم پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ جدید ہتھیار ہے جو گائیڈڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ یہ سسٹم 140 کلومیٹر سے لے کر 700 کلومیٹر تک دشمن کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ نظام مختلف ورژنز میں تیار کیا گیا ہے تاکہ دشمن کی ہر ممکن مزاحمت کو مؤثر طریقے سے کچلا جا سکے۔
فتح ون سے فتح فور تک، پاکستان کی طاقت کا اظہار
فتح ون بیک وقت 8 اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ فتح ٹو ایویونکس، نیویگیشن اور پرواز کی رفتار میں اعلیٰ ترین تکنیکی خصوصیات رکھتا ہے۔ فتح تھری کی مار 450 کلومیٹر تک ہے اور فتح فور کی رینج 700 کلومیٹر ہے، جو اس سسٹم کو خطے کے سب سے جدید دفاعی ہتھیاروں میں شامل کرتا ہے۔
دفاعی ماہرین کی رائے
دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق معرکہ بنیان مرصوص کی کامیابی میں فتح راکٹ سسٹم نے کلیدی کردار ادا کیا۔ اس قسم کے مقامی طور پر تیار کردہ جدید ہتھیار پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بناتے ہیں اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔