کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، جس کے بعد شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ بارش کے بعد متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
بارش سے متاثرہ علاقے
شہر کے مضافاتی علاقوں کاٹھور، گڈاپ اور اطراف میں بارش جاری ہے، جبکہ گلشن حدید، ملیر، صفورا، ماڈل کالونی، سعدی ٹاؤن، ڈیفنس، اسکیم 33، نارتھ ناظم آباد، شارع فیصل اور طارق روڈ بھی تیز بارش سے متاثر ہوئے ہیں۔
بجلی کی بندش
سرجانی ٹاؤن اور طارق بن زیاد سوسائٹی ملیر میں بارش کے ساتھ ہی بجلی بند ہو گئی، جبکہ آئی آئی چندریگر روڈ پر بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
موسمی سسٹم اور ماہرین کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مون سون سسٹم کے زیر اثر جمعہ سے اتوار کے دوران بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ماہر موسمیات انجم نذیر کے مطابق ہفتے کو تیز بارش کے سبب اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ اتوار کو بھی وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کی توقع ہے۔
علاقائی صورتحال
انجم نذیر نے مزید بتایا کہ بھارتی ریاست گجرات میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، جو آئندہ دنوں میں سندھ کی جانب بڑھتے ہوئے مزید بارشوں کا باعث بنے گا۔ اس سسٹم کے باعث نہ صرف کراچی بلکہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی اربن فلڈنگ کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مون سون کے پہلے حصے میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، سندھ، پنجاب اور کے پی میں سیلاب کا خدشہ