ارشد ملک کا انکشاف: 7 بھارتی جہاز گرائے، 25 اہداف انگیج کیے
ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے انکشاف کیا ہے کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے 7 طیارے مار گرائے اور دشمن کے 25 اہم اہداف کو کامیابی سے انگیج کیا۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام “کیپیٹل ٹاک” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف بھارتی طیاروں کو جام کیا بلکہ بھارت کی متعدد ویب سائٹس اور گرڈ اسٹیشنز کو بھی بلاک کر دیا، جس سے بھارتی نظام درہم برہم ہو گیا۔ ارشد ملک کے مطابق بھارتی جہاز لاوارث انداز میں پرواز کر رہے تھے کیونکہ ان کا کنٹرول سسٹم ناکارہ ہو چکا تھا۔
پاکستان کی حکمت عملی اور بھارت پر نفسیاتی دباؤ
پروگرام میں شریک وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی موثر حکمت عملی نے بھارت کو مسئلہ کشمیر پر بات کرنے پر مجبور کر دیا ہے، جو کہ پاکستان کی ایک بڑی سفارتی اور دفاعی فتح ہے۔ ان کے مطابق امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت کے بعد بھارت مذاکرات پر راضی ہوا ہے، جو واضح کرتا ہے کہ عالمی سطح پر بھارت کو تنہا کر دیا گیا ہے۔
بھارت نفسیاتی دباؤ میں، جنگ خود اس کے گلے پڑ گئی: اعزاز چوہدری
اس موقع پر سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی طرف سے چھیڑی گئی یہ جنگ خود اس کے گلے پڑ گئی ہے، اور اب وہ شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنی مہم جوئی کے ذریعے نہ صرف عالمی سطح پر اپنی ساکھ خراب کی بلکہ داخلی سطح پر بھی اسے شدید سیاسی اور عسکری دباؤ کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت جنگ بندی کے باوجود ملک بھر کی 150 پروازیں منسوخ