Tuesday, June 17, 2025
ہومPoliticsپانی ہماری لائن آف لائن ہے، کوئی مہم جوئی ہوئی تو 2019...

پانی ہماری لائن آف لائن ہے، کوئی مہم جوئی ہوئی تو 2019 کی طرح منہ توڑ جواب دیں گے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کی پیشکش

وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو پہلگام واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات میں شامل ہونے کی پیشکش کردی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پہلگام واقعے پر بے بنیاد الزامات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، تاہم پاکستان غیر جانبدارانہ تحقیقات میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری مسلح افواج تنظیم، اتحاد اور قومی مفاد کی تکمیل اور عزم کا نشان ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں۔

عالمی امن کے قیام میں پاکستان کا کردار

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی امن کے قیام کے لیے اپنی ذمے داریوں سے مکمل آگاہ ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔

فالس فلیگ آپریشن اور مسئلہ کشمیر

پہلگام کے مبینہ فالس فلیگ آپریشن اور مسئلہ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازع علاقہ ہے۔ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینا ہوگا۔

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پاکستان سے زیادہ کسی ملک نے قربانیاں نہیں دیں۔

بھارت کی بے بنیاد الزام تراشی

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک کی جانب سے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی کی گئی۔ پہلگام واقعے پر بے بنیاد الزامات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، تاہم پاکستان غیر جانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کے لیے تیار ہے۔

بھارت کی آبی جارحیت پر موقف

بھارت کی جانب سے آبی جارحیت پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پانی ہماری لائف لائن ہے اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔ اگر کوئی مہم جوئی ہوئی تو فروری 2019 کی طرح بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر اقدام کرے گا۔

وطن عزیز کی سلامتی پر عزم

وزیراعظم نے کہا کہ وطن عزیز کی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ قومی وقار اور مفاد کے خلاف ہر مہم جوئی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

معیشت اور افغانستان سے تعلقات

شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ سرمایہ کاری میں اضافے اور اقتصادی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے۔ افغانستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے نائب وزیراعظم نے کابل کا دورہ کیا ہے، پاکستان پرامن اور مستحکم تعلقات چاہتا ہے اور افغان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ فتنہ الخوارج کے ہاتھوں اپنی سرزمین کے استعمال کو روکے۔

یہ بھی پڑھیں:دریائے سندھ میں یا تو ہمارا پانی بہے گا یا اُن کا خون: بلاول بھٹو کا مودی سرکار کو سخت پیغام

Most Popular