پاک فوج نے بھارت کی مسلسل فضائی خلاف ورزیوں کا بھرپور اور مؤثر جواب دیتے ہوئے مزید 4 بھارتی ڈرونز مار گرائے ہیں، جس کے بعد تباہ شدہ بھارتی ڈرونز کی مجموعی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ ڈرونز پاکستانی حدود میں دراندازی کر رہے تھے، جنہیں پاک فوج نے سیالکوٹ سیکٹر کے پکھلیاں مقام پر کارروائی کرتے ہوئے نشانہ بنایا۔
دراندازی کی کوشش ناکام
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کے یہ ڈرونز پاکستانی حدود میں ایریل انٹیلی جنس کے لیے داخل ہوئے تھے، تاہم جدید دفاعی نظام، الیکٹرانک وارفیئر (ای ڈبلیو) ٹیکنالوجی، اور مستعد جوانوں نے ان کی بروقت نشاندہی کرتے ہوئے کارروائی کی۔ دو بھارتی ڈرونز کو نیچے اتار کر قبضے میں بھی لے لیا گیا ہے، جو پاکستان کی تکنیکی برتری کا واضح ثبوت ہے۔
اس سے قبل کے واقعات
اس سے قبل بھارتی ڈرونز برنالہ، شکرگڑھ اور کوٹلی سیکٹرز میں بھی گرائے جا چکے ہیں۔ اب تک کل 7 بھارتی ڈرونز مار گرائے گئے، جن میں ایک ہیرون مسلح ڈرون بھی شامل ہے، جو بھارتی انٹیلی جنس اور حملے کی تیاری کا حصہ تھا۔
پس منظر اور ردعمل
یہ کاروائیاں بھارت کی جانب سے گزشتہ رات کیے گئے میزائل حملوں کے بعد سامنے آئیں، جن میں پاکستان نے رافیل سمیت پانچ بھارتی جنگی طیارے اور ایک ڈرون تباہ کر دیا تھا۔ پاک فوج مسلسل دشمن کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے مؤثر دفاعی حکمت عملی کے تحت ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت پر نظر رکھنے کیلئے پاکستان کا پہلا لانگ رینج ریڈار تیار