وزیر اعظم کا کامرہ ائیربیس کا دورہ
وزیر اعظم شہباز شریف نے کامرہ ائیربیس کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران انہوں نے فضائیہ کے ان شاہینوں سے ملاقات کی جنہوں نے حالیہ جنگی کارروائی میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔
شہباز شریف کا خطاب اور بڑی تصدیق
وزیر اعظم نے واضح کیا کہ پاک فضائیہ نے 5 نہیں بلکہ 6 بھارتی طیارے مار گرائے، جو کہ قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے 10 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں ایسی جنگی مہارت دکھائی جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔
پاک فضائیہ کی غیر معمولی فتح
شہباز شریف نے کہا کہ 6 سے 10 مئی کے دوران دنیا نے پاک فضائیہ کی حیرت انگیز کارکردگی دیکھی، یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے شاندار فتح تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اس جیت نے پورے خطے میں طاقت کا توازن بدل دیا ہے اور بھارت کے جنگی غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔
عالمی سطح پر پذیرائی
وزیر اعظم نے کہا کہ اب دنیا پاکستان کے پرچم کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ بھارت نے اربوں ڈالر خرچ کرکے جدید ہتھیار خریدے لیکن پاکستانی جوانوں نے صرف اپنی مہارت سے بھارت کی برتری کے تاثر کو ختم کر دیا۔
انتباہ اور حوصلہ افزائی
شہباز شریف نے کہا کہ اگر دشمن نے دوبارہ میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے روند ڈالا جائے گا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے جوانوں کو ان کی شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا اور انہیں وطن کا فخر قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی 7 مئی کی فضائی فتح کے بعد عالمی دلچسپی میں اضافہ