Monday, June 16, 2025
ہومPoliticsپہلگام واقعہ: سلامتی کونسل میں پاکستان کی سفارتکاری کام کر گئی، بھارت...

پہلگام واقعہ: سلامتی کونسل میں پاکستان کی سفارتکاری کام کر گئی، بھارت ہاتھ ملتا رہ گیا

سلامتی کونسل کا ردعمل

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی تاہم بھارت کی پاکستان کے خلاف خواہش پوری نہ ہو سکی۔ پاکستان کی سفارتکاری کام کر گئی اور پلوامہ حملے کے بعد جاری ہونے والے سخت بیان کی طرح اس بار سخت زبان کے استعمال کی بھارتی خواہش ناکام بنا دی گئی۔ سلامتی کونسل نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے واقعے پر اظہار مذمت کیا لیکن سخت لب و لہجہ اپنانے سے گریز کیا۔

بھارت کی کوششیں ناکام

سلامتی کونسل کے بیان میں بھارت کا نام لینے کی بجائے صرف “تمام متعلقہ حکام” کے الفاظ استعمال کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق بھارت چاہتا تھا کہ بیان میں براہ راست پاکستان پر الزام لگایا جائے، تاہم پاکستان کی سفارتکاری نے متنازع الفاظ کو شامل ہونے سے روک دیا۔ سلامتی کونسل میں یہ بیان امریکا کی تجویز پر پیش ہوا تھا لیکن متفقہ منظوری حاصل نہیں ہو سکی۔

پاکستان کی کامیاب سفارتکاری

پاکستان نے سفارتی کوششوں سے نہ صرف متنازع الفاظ نکلوائے بلکہ یہ بھی یقینی بنایا کہ بیان میں ’’جموں و کشمیر‘‘ کا ذکر شامل ہو، جبکہ بھارت کی کوشش تھی کہ ’’پہلگام‘‘ کا ذکر کر کے مقبوضہ علاقے پر اپنا قبضہ ظاہر کرے۔ بھارت نہ صرف پہلگام کا ذکر شامل کرانے میں ناکام رہا بلکہ فوری مذمتی بیان جاری کرانے میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلگام میں حملہ 22 اپریل کو ہوا تھا جبکہ بیان 26 اپریل کو جاری کیا گیا۔

اقوام متحدہ کا مؤقف

اقوام متحدہ کے اہلکار نے کہا کہ عالمی ادارہ خطے کی صورتحال پر انتہائی تشویش کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہے۔ بھارت اور پاکستان دونوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں اور صورتحال کو مزید بگڑنے سے بچائیں۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت نے دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا

Most Popular