اعلیٰ سطحی ملاقات کا انعقاد
وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے لاچین میں اہم ملاقات کی، جس میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی استحکام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
آزادی پر مبارکباد اور حمایت پر شکریہ
وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر اور عوام کو یوم آزادی پر مبارکباد دی اور بھارت کے خلاف حالیہ کشیدگی میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کے عوام کا پاکستانی عوام کے ساتھ ایک لازوال رشتہ ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
سیاسی و اقتصادی تعلقات پر اطمینان
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید متنوع بنانے کے لیے سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی زور دیا۔ دونوں ممالک نے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
اجلاس کی علامتی اہمیت
وزیراعظم شہباز شریف نے لاچین میں اجلاس کے انعقاد کو آذربائیجان کی استقامت اور تعمیر نو کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس دونوں ممالک کے لیے جذباتی اور علامتی اہمیت کا حامل ہے، جو باہمی رشتے کی گہرائی کا عکاس ہے۔
علاقائی استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی امور پر اصولی مؤقف اپنانے، علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لیے مربوط کوششوں پر زور دیا۔ پاکستان نے آذربائیجان کے ساتھ شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترکیہ اور آذربائیجان کی حمایت
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت سے بڑھتی کشیدگی کے دوران آذربائیجان اور برادر اسلامی ملک ترکیہ نے پاکستان کی کھل کر حمایت کی تھی۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستانی قوم کے ساتھ ہر حال میں کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آئندہ ہفتے ترکیہ اور آذربائیجان جائیں گے، حالیہ کشیدگی میں حمایت پرشکریہ ادا کریں گے