پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کو پاک فوج کے نام کر دیا ہے، جس کے تحت لیگ کے تین دن پاک فوج، نیوی اور ایئر فورس سے منسوب کیے گئے ہیں۔ بورڈ کے مطابق یہ اقدام افواجِ پاکستان کے جذبہ قربانی اور ملک سے وفاداری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ری شیڈول ہونے والا میچ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ یہ میچ پاک بھارت کشیدگی کے باعث ملتوی ہونے کے بعد دوبارہ شیڈول کیا گیا تھا۔
اس اہم میچ کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اسٹیڈیم پہنچے، جہاں شائقین کرکٹ نے کھڑے ہو کر اور تالیاں بجا کر اُن کا شاندار استقبال کیا۔ جنرل عاصم منیر کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی موجود تھے۔
میچ کے آغاز سے قبل اسٹیڈیم میں قومی ترانہ پڑھا گیا اور شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس کے بعد شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس نے اسٹیڈیم کو مزید جوش و خروش سے بھر دیا۔
پاکستان سپر لیگ کے اس منفرد انداز نے شائقینِ کرکٹ سمیت پورے ملک میں افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے جذبات کو مزید مضبوط کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی پی ایس ایل میں شرکت، مسلح افواج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی