لاہور ہائیکورٹ کا سموگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات کا حکم
لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں، جن میں مارکیٹوں کو رات آٹھ بجے بند کرنے اور اتوار کو بھی بند رکھنے کا حکم شامل ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ سموگ کے خلاف موثر اقدامات نہ ہونے پر دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران سنایا۔
جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں عدالت نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو فوری طور پر بند کیا جائے، اور ڈولفن پولیس کو بھی ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے اس موقع پر تبصرہ کیا کہ “ڈولفن والے بے کار لوگ ہیں، ایک دفعہ خود دیکھا تھا کہ کچھ لڑکوں کو سڑک پر پکڑ کر کھڑا کیا گیا تھا۔”
عدالت نے مزید کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل اسموگ کے حوالے سے سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے اور تشویش کا اظہار کیا کہ رات گیارہ بجے مینار پاکستان کے علاقے میں گاڑیاں بڑی تعداد میں کالا دھواں چھوڑتی نظر آئیں، جس سے آلودگی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے مزید کہا کہ “افسران باہر نکل کر حالات کا جائزہ لیں، کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز اپنے دفاتر میں بیٹھے رہتے ہیں، انہیں میدان میں آ کر سموگ کی صورتحال دیکھنی چاہیے۔”