اسلام آباد ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنے گا، 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر

اسلام آباد کا منظر، جہاں 31 دسمبر تک مکمل کیش لیس نظام نافذ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو)
اسلام آباد: حکومت نے وفاقی دارالحکومت کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس منتقلی کے لیے 31 دسمبر کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ جمعے کو کیش لیس کیپیٹل منصوبے کے ایک اہم اجلاس میں ہوا، جس کی صدارت وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں کی مشاورت اور تجاویز کو منصوبے کی کامیابی کے لیے ضروری قرار دیا گیا۔
30 نومبر کے بعد نقد رقم نہیں چلے گی
طلال چوہدری نے اعلان کیا کہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے کسی محکمے میں بھی نقد ادائیگی قبول نہیں کی جائے گی۔ تمام سرکاری لین دین ڈیجیٹل ذرائع سے ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں 31 دسمبر تک اسلام آباد کے تمام تاجروں کو کیش لیس نظام میں لایا جائے گا۔
وزیر مملکت کے مطابق اسلام آباد میں اب تک 26 ہزار تاجر ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام سے منسلک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڑھی بانوں اور چھوٹے دکان داروں سے لے کر بڑے تجارتی مراکز تک، ہر سطح پر ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کیش لیس نظام سے مالی شفافیت بہتر ہوگی اور ٹیکس کی نگرانی آسان ہو جائے گی۔
دنیا کا پہلا کیش لیس دارالحکومت بنانے کا وعدہ
طلال چوہدری نے بتایا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم سے وعدہ کیا تھا کہ اسلام آباد کو نہ صرف پاکستان کا پہلا کیش لیس شہر بلکہ دنیا کا پہلا کیش لیس دارالحکومت بنایا جائے گا۔ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف، بینکاری شعبے کے نمائندوں اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی، جب کہ بینکوں نے منصوبے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے بھی ملک بھر میں سو فیصد ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کے لیے واضح روڈ میپ اور وقت کی پابندی کے ساتھ اہداف تیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انہیں بتایا گیا تھا کہ وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں میں ادائیگیوں کی ڈیجیٹلائزیشن تیزی سے جاری ہے اور دسمبر 2026 تک زیادہ تر اداروں میں ادائیگیاں مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو جائیں گی۔
یاد رہے کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں ہفتہ وار بازاروں، سی ڈی اے ون ونڈو سینٹر اور میٹرو و الیکٹرک بس سروس پر ڈیجیٹل ادائیگی شروع کی گئی تھی، جب کہ دوسرے مرحلے میں راست کیو آر کوڈ نظام کو شہر کے بڑے تجارتی مراکز تک پھیلایا جا رہا ہے۔



