عمران خان کے بیٹوں کی وارننگ: ‘اگر علاج نہ ہوا تو وہ اسی سیل میں مر جائیں گے’

لندن سے عمران خان کے بیٹوں نے اپنے والد کی صحت پر سخت ترین وارننگ جاری کر دی ہے۔ سلیمان عیسیٰ خان اور قاسم خان نے اسکائی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر ان کے والد کو فوری طور پر نجی ہسپتال میں علاج نہ ملا تو وہ اڈیالہ جیل کے سیل میں ہی دم توڑ دیں گے۔ دونوں بھائیوں کا کہنا ہے کہ ان کے والد کو جسمانی اور ذہنی اذیت دی جا رہی ہے، اور ان کی حالت دن بہ دن بگڑتی جا رہی ہے۔
’وہ اسی سیل میں مر جائیں گے‘
دونوں بھائیوں نے انٹرویو میں کہا کہ راستہ صاف دکھائی دے رہا ہے — "یہ ناگزیر ہے کہ وہ بالآخر اسی سیل میں مر جائیں گے، اگر انہیں علاج کے بغیر یہیں رکھا گیا تو وہ اسی سیل میں مارے جائیں گے۔” ان کے مطابق عمران خان کو روزانہ 22 سے 23 گھنٹے تنہائی میں رکھا جاتا ہے، جہاں ان کا کسی سے رابطہ نہیں ہوتا اور نہ انہیں آزادانہ طبی معائنہ میسر ہے۔ بھائیوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ محافظوں کو یہاں تک ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خان سے بات نہ کریں۔ ان کے مطابق ان کے والد کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے اور انہیں فوری طور پر نجی ہسپتال میں علاج کی ضرورت ہے۔
آخری بار مارچ میں بات ہوئی
سلیمان اور قاسم نے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد سے آخری بار 22 مارچ کو بات کی تھی اور نومبر 2022 کے بعد سے وہ ان سے مل نہیں سکے، جب وہ قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے تھے۔ بھائیوں نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل نہیں ہوا، جس میں خان کو دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا کہا گیا تھا۔ ان کے والد نے پیر کو تین چیف جسٹس صاحبان کو لکھے گئے خط میں بھی یہی کہا تھا کہ ان کا بلڈ پریشر 192 اور 193 تک پہنچ گیا ہے اور ڈاکٹروں نے برین ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔ قاسم خان نے اپنے والد کا خط سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ "پاکستان کے جمہوری طور پر منتخب لیڈر کا قتل ہوتے دیکھ رہے ہیں۔”
حکومت کا موقف
دوسری جانب حکومت خان کے دعووں سے متفق نہیں۔ کابینہ کے وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ خان کو باقاعدہ طبی توجہ دی جا رہی ہے اور انہیں آٹھ بار پمز لے جایا جا چکا ہے۔ حکومت نے تنہائی میں رکھنے اور خاندان سے رابطہ نہ دینے کے الزامات بھی مسترد کر دیے ہیں۔ پمز انتظامیہ نے 11 نومبر کو بتایا تھا کہ خان کو رات بھر اڈیالہ سے لا کر آنکھ کا معائنہ کرایا گیا، متاثرہ آنکھ میں چھٹا انجکشن لگایا گیا اور ان کی حالت مستحکم ہے۔



