عامر خان نے انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان
چار دہائیوں تک بالی وُڈ میں اپنی شاندار کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے والے عامر خان نے کورونا وبا کے دوران اداکاری چھوڑنے کے بارے میں سنجیدہ غور و فکر شروع کیا۔
ایک انٹرویو میں عامر خان نے کہا کہ ’کورونا کے دوران مجھے یہ خیال آیا کہ میں نے اپنی پوری زندگی اور جوانی فلمی صنعت کے نام کر دی، اور اپنی ذاتی زندگی کو نظرانداز کیا‘۔
یہ بات حقیقت سے دور نہیں، کیونکہ عامر خان نے ہندی سنیما کے ثقافتی ورثے کو سنوارنے میں نمایاں کردار ادا کیا اور خود کو انڈسٹری کا بڑا نام منوایا۔
عامر خان نے ’تھری ایڈیٹس‘، ’دنگل‘، اور ’تارے زمین پر‘ جیسی بے مثال فلموں کے ذریعے نہ صرف ہندی بولنے والوں بلکہ عالمی ناظرین کو بھی اپنا گرویدہ بنایا۔ ان کی فلم ’لگان‘ سنہ 2002 میں آسکر کے لیے نامزد ہوئی، جو ایک تاریخی کامیابی ہے۔
عامر خان کا کہنا ہے کہ مسلسل کام کی مصروفیت کے باعث وہ اپنی ذاتی زندگی کو وقت نہیں دے سکے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’مجھے دیر سے احساس ہوا کہ میں نے بہت کچھ کھو دیا ہے۔ اسی وقت فیصلہ کیا کہ اب فلموں سے کنارہ کش ہو جانا چاہیے۔‘
تاہم، ان کے بچوں نے انہیں قائل کیا کہ وہ فلمی دنیا کو خیر باد نہ کہیں۔ عامر خان نے بتایا کہ ’میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ فلمیں چھوڑ دوں گا، لیکن پھر اپنا ارادہ بدل دیا۔‘
مارچ میں اپنی 60ویں سالگرہ منانے والے عامر خان اب نہ صرف دوبارہ فلموں میں کام کرنے کے خواہاں ہیں بلکہ وہ اپنے پروڈکشن ہاؤس، ’عامر خان پروڈکشن‘ کے ذریعے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا عزم بھی رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: کپل شرما پر نسل پرستی کے الزام کا ردعمل