کراچی اسٹیڈیم میں انڈین جھنڈے کی غیر موجودگی پر تنازع، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والے ممالک کے جھنڈے لہراتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں، تاہم انڈین جھنڈا نظر نہیں آیا۔
اس ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی کہ جہاں انڈیا نے اپنی جرسی پر پاکستان کا نام شامل کیا، وہیں پاکستانی اسٹیڈیمز میں انڈین جھنڈا کیوں نہیں لگایا گیا؟ انڈین صارفین نے ایکس (ٹوئٹر) پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ان کے ملک کا جھنڈا کہاں ہے؟
دوسری طرف، پاکستان کے معروف اسپورٹس رپورٹر عمران صدیقی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں انڈین جھنڈے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے وضاحت دی کہ یہ تصویر نیشنل اسٹیڈیم کی ہے اور حالیہ وقت میں لی گئی ہے، اس لیے اس معاملے پر پروپیگنڈا بند کیا جائے۔ جواب میں ایک انڈین صارف نے لکھا، ’’آپ کے لوگ پہلے تنازع کھڑا کرتے ہیں اور پھر انڈینز پر الزام لگاتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا کہ انڈین ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران اپنے میچز پاکستان میں نہیں کھیلے گی۔ یہی وجہ ہے کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں صرف ان ممالک کے جھنڈے لگائے گئے جو یہاں میچز کھیلنے جا رہے ہیں۔
مزید یہ کہ ذرائع کے مطابق انڈین ٹیم دبئی میں اپنے میچز کھیلے گی اور بنگلہ دیشی ٹیم بھی اس وقت دبئی میں موجود ہے، اس لیے ان کا جھنڈا بھی پاکستانی اسٹیڈیم میں شامل نہیں تھا۔ صرف وہی ممالک جن کی ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے آ رہی ہیں، ان کے جھنڈے لگائے گئے ہیں۔
ادھر، انڈین میڈیا ادارے ہندوستان ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ پی سی بی ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ میچ کے دوران صرف چار جھنڈے لگائے جائیں، جن میں ایک آئی سی سی، دوسرا پی سی بی اور باقی دونوں کھیلنے والی ٹیموں کے جھنڈے ہوں گے
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ انڈین ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل میں تبدیل کر دیا۔ اس ماڈل کے تحت انڈین ٹیم اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گی، جبکہ دیگر ٹیمیں پاکستان میں شیڈول کے مطابق مقابلے کھیلیں گی۔