Tuesday, June 17, 2025
ہومReligionفرض غسل کے بعد وضو کی ضرورت اور اس کے شرعی احکام

فرض غسل کے بعد وضو کی ضرورت اور اس کے شرعی احکام

اگر فرض غسل سنت کے مطابق کر لیا جائے تو کیا اس سے نماز ہو جائے گی یا الگ سے وضو کرنا ضروری ہوگا؟ اور اگر اسی غسل سے نماز پڑھی جا سکتی ہے، تو کیا صرف ایک وقت کی نماز پڑھ سکتے ہیں یا جب تک وضو باقی رہے گا، ساری نمازیں پڑھی جا سکتی ہیں؟

فرض غسل میں چونکہ تمام بدن پر پانی بہایا جاتا ہے، جس میں وضو کے اعضاء پر بھی پانی پہنچتا ہے اور اس طرح غسل کے ساتھ وضو بھی ہوجاتا ہے، لہذا غسل کے بعد الگ سے وضو کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی، مگر اگر غسل کے بعد وضو ٹوٹنے والی کوئی چیز ہو، تو الگ سے وضو کرنا ضروری ہوگا۔ پھر جب تک وضو برقرار رہے، اس سے جتنی چاہیں نمازیں پڑھ سکتے ہیں، وہ سب کے لیے کافی ہوگا۔

کتاب “احکام القرآن للجصاص” میں ذکر ہے: ’’جب جنبی شخص اپنے تمام جسم پر پانی بہاتا ہے تو وہ وضو کے اعضاء پر بھی پانی بہا دیتا ہے، اس طرح وہ آیت کے حکم کو پورا کر لیتا ہے، کیونکہ وہ وضو کرنے والا اور غسل کرنے والا کہلاتا ہے۔ لہذا اگر اس نے غسل سے پہلے الگ سے وضو نہیں کیا تو غسل کے ساتھ ہی وضو ہو جائے گا، کیونکہ غسل وضو سے وسیع ہے۔‘‘ (احکام القرآن للجصاص، جلد 3، باب الغسل من الجنابۃ، صفحہ 375، دار إحياء التراث العربي، بيروت)

:جامع ترمذی کی حدیث میں ہے

حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے “کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم غسل کے بعد وضو نہیں فرماتے تھے۔” (جامع ترمذی، جلد 1، صفحہ 179، رقم الحدیث 107، مطبوعہ مصر)

علامہ علی قاری رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث کی شرح میں فرماتے ہیں: ’’غسل میں پہلے وضو پر ہی اکتفاء کرتے ہوئے (بعد میں وضو نہیں کرتے) اور یہ (غسل سے پہلے وضو) سنت ہے، یا پھر اس کا مطلب یہ ہے کہ جب جسم کے تمام اعضاء پر پانی پہنچتا ہے تو بڑا حدث ختم ہونے کے ساتھ چھوٹا حدث بھی ختم ہو جاتا ہے۔‘‘ (مرقاۃ المفاتیح، جلد 2، باب الغسل، صفحہ 430، دار الفكر، بيروت)

مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث کی شرح میں فرماتے ہیں: ’’کیونکہ غسل سے پہلے وضو کر لیا تھا، وہ وضو نماز کے لیے کافی ہوتا ہے، بلکہ اگر کوئی شخص بغیر وضو کیے غسل کرے اور پھر نماز پڑھ لے تو جائز ہے، کیونکہ طہارتِ کبریٰ میں طہارتِ صغریٰ بھی شامل ہو جاتی ہے۔‘‘ (مرآۃ المناجیح، جلد 1، صفحہ 289، نعیمی کتب خانہ، گجرات)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

✦ ✧ ✦ ✧ ✦ ✧ ✦

Most Popular