اے ٹی سی کا علیمہ خان کی درخواست پر بڑا فیصلہ، عمران خان سے ملاقات کی اجازت مل گئی
انسداد دہشتگردی عدالت (ATC) نے علیمہ خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔ علیمہ خان عدالتی حکم نامہ لے کر اڈیالہ جیل روانہ ہو گئیں۔
عدالت نے واضح کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہلے بھی ایسی درخواستیں منظور کرچکی ہے، اور بہن کی اپنے بھائی سے ملاقات جیل مینوئل کے تحت جائز ہے۔ اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ملاقات کرانے کا باضابطہ حکم جاری کر دیا۔
وکلاء کی ٹیم نے عدالتی آرڈر وصول کیا جس کے بعد وہ علیمہ بی بی کے ہمراہ اڈیالہ جیل روانہ ہو گئی۔ یہ ملاقات سیاسی حلقوں میں اہم تصور کی جا رہی ہے کیونکہ عمران خان طویل عرصے سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور ان سے ملاقات کے حوالے سے مختلف درخواستیں زیر سماعت رہیں۔