سشمیتا سین کی سابقہ اداکارہ بھابھی مالی تنگی کے باعث آن لائن کپڑے بیچنے پر مجبور
مالی حالات نے اداکارہ کو مجبوری میں سوشل میڈیا کا سہارا لینے پر مجبور کر دیا
بالی وڈ دیوا سشمیتا سین کی سابقہ بھابھی اور مشہور ٹی وی اداکارہ چارو اسوپا مالی مشکلات کا شکار ہو گئیں اور اپنا گزر بسر چلانے کے لیے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے کپڑے فروخت کرنے پر مجبور ہو گئی ہیں۔ حالیہ دنوں ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ اپنے آن لائن بزنس کے لیے کپڑے فروخت کرتے ہوئے دیکھی جا سکتی ہیں۔
ممبئی چھوڑ کر بیكانیر منتقل، زندگی کی حقیقت سے پردہ اٹھا دیا
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چارو اسوپا نے سوشل میڈیا پر تصدیق کی ہے کہ وہ ممبئی چھوڑ کر اپنے آبائی شہر بیكانیر منتقل ہو گئی ہیں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ ممبئی میں رہائش اور روزمرہ اخراجات کا بوجھ اٹھانا ان کے لیے ممکن نہیں رہا۔ ان کے مطابق ممبئی میں ہر ماہ کا خرچ ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک جا پہنچتا تھا، جس کی ادائیگی وہ اب نہیں کر سکتیں۔
بیٹی کی دیکھ بھال اور شوٹنگ ساتھ چلانا مشکل ہو گیا تھا
ایک انٹرویو میں چارو اسوپا نے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی زیانا کے ساتھ گزشتہ ایک ماہ سے بیكانیر میں اپنے والدین کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ ان کے مطابق شوٹنگ کے دوران بیٹی کو آیا کے سپرد کرنا ان کے لیے بہت مشکل ہوتا جا رہا تھا، جس کی وجہ سے انہوں نے ممبئی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
آن لائن کاروبار کا آغاز، مداحوں کا مثبت ردعمل
اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنا آن لائن بزنس خود ہی سنبھال رہی ہیں، اگرچہ ابتدائی دنوں میں کچھ مشکلات درپیش ہیں، تاہم وہ پرامید ہیں کہ حالات بہتر ہوں گے۔ ان کی کپڑے بیچنے کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا، کچھ نے ان کی ہمت کی داد دی تو کچھ نے حیرت کا اظہار کیا کہ ایک مشہور شخصیت ہونے کے باوجود انہیں اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔
سابق شوہر راجیو سین کو اطلاع، بیٹی سے ملاقات متوقع
چاروا اسوپا نے بتایا کہ انہوں نے اپنی منتقلی سے متعلق سابق شوہر راجیو سین کو بھی آگاہ کر دیا ہے اور وہ بیكانیر آ کر بیٹی زیانا سے ملاقات کر سکتے ہیں۔ اداکارہ کے مطابق ان کا سارا فوکس اب بیٹی کی پرورش اور نئے کاروبار کو سنبھالنے پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملائیکہ اروڑا کے قابلِ ضمانت وارنٹ دوبارہ جاری، 2012 ہوٹل حملہ کیس میں عدم پیشی پر کارروائی