Saturday, April 19, 2025
ہومPoliticsلاہور سمیت پنجاب میں بسنت منانے کی امید، حکومت پابندی ہٹانے پر...

لاہور سمیت پنجاب میں بسنت منانے کی امید، حکومت پابندی ہٹانے پر غور کر رہی ہے

لاہور سمیت پنجاب میں بسنت منانے کی امید، حکومت پابندی ہٹانے پر غور کر رہی ہے

بسنت کے تہوار کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب کے شہریوں کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے، حکومتِ پاکستان بسنت پر سے پابندی ہٹانے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ حکومت بسنت تہوار کے حوالے سے پالیسی پر نظرِثانی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بسنت ایک ثقافتی تہوار ہے جسے مناسب حفاظتی اقدامات کے ساتھ منایا جانا چاہیے۔‘‘

اسحاق ڈار نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ماضی میں بسنت کے دوران حادثات پیش آئے تاہم اب یہ بات زیر غور ہے کہ کس طرح اس تہوار کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں کئی سالوں سے بسنت کے تہوار پر مکمل پابندی عائد ہے، جس کی وجہ شہریوں کی ہلاکتیں، گلے پر ڈور پھرنے کے واقعات اور ہوائی فائرنگ جیسے خطرناک عناصر بتائے جاتے رہے ہیں۔ تاہم، بسنت سے جڑی ثقافت اور سیاحت کے فروغ کے لیے اس پابندی کے خاتمے کا مطالبہ مختلف حلقوں کی جانب سے سامنے آتا رہا ہے۔

اگر حکومت واقعی بسنت پر سے پابندی ہٹاتی ہے تو لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں ثقافتی سرگرمیوں میں ایک نئی روح پھونکی جا سکتی ہے، تاہم اس کے لیے مضبوط حفاظتی انتظامات اور قانون سازی ناگزیر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:گزشتہ 10 سال میں دبئی کروڑ پتی افراد کا مرکز بن گیا

Most Popular