ماہانہ 11 ارب 27 کروڑ روپے کی آمدن متوقع
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ماہانہ 11 ارب 27 کروڑ روپے کی خطیر آمدن متوقع ہے۔ وزارت توانائی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ رقم رواں مالی سال کے اختتام تک اڑھائی ماہ میں بڑھ کر 28 ارب 18 کروڑ روپے تک پہنچ جائے گی۔
پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں اضافہ
وفاقی حکومت نے 16 اپریل 2025 سے پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 8 روپے جبکہ ڈیزل پر 7 روپے فی لیٹر بڑھا دی ہے۔ اگرچہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی، حکومت نے اس کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو منتقل کرنے کے بجائے لیوی میں اضافے کے ذریعے ریونیو بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
اضافی آمدن بلوچستان پر خرچ کی جائے گی
وزیر اعظم شہباز شریف نے وضاحت کی کہ پیٹرولیم لیوی سے حاصل ہونے والی اضافی آمدن بلوچستان کی ترقی پر صرف کی جائے گی۔ اس میں بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر اور کچھی کینال منصوبہ شامل ہے، جو صوبے میں زراعت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے تک کمی کا امکان

