Monday, June 16, 2025
ہومEntertainmentکراچی کی مختلف شاہراہوں پر زہریلا پینٹ کرکے بچوں کو کھڑا کرنے...

کراچی کی مختلف شاہراہوں پر زہریلا پینٹ کرکے بچوں کو کھڑا کرنے کیخلاف بلال مقصود بول پڑے

بلال مقصود کا زہریلے پینٹ سے رنگے بچوں کیخلاف مؤقف

پاکستان کے معروف گلوکار بلال مقصود نے کراچی کی سڑکوں پر زہریلا پینٹ لگا کر معصوم بچوں کو کھڑا کرنے کے خلاف سخت ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزارت صحت کو مخاطب کیا اور مطالبہ کیا کہ ان بچوں کی صحت اور مستقبل کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

کراچی کے معروف علاقوں میں چمکدار پینٹ والے بچے کھڑے

بلال کے مطابق بلوچ کالونی، عائشہ منزل، سی ویو اور اتحاد ڈیفنس جیسے علاقوں میں کئی بچے سلور اور گولڈن رنگ کے زہریلے پینٹ میں لپٹے نظر آتے ہیں۔ یہ بچے گرمی میں دھوپ کے نیچے کھڑے رہتے ہیں تاکہ لوگ انہیں پیسے دیں، جو بلال کے مطابق ایک انتہائی خطرناک رجحان ہے۔

زہریلے پینٹ سے جلدی بیماریوں اور کینسر کا خطرہ

بلال مقصود نے لکھا کہ یہ پینٹس عموماً ایلومینیم پاؤڈر یا خطرناک کیمیکل سے تیار ہوتے ہیں، جو بچوں کی جلد کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں۔ دھوپ میں مسلسل کھڑے رہنے سے جلدی بیماریاں، الرجی اور یہاں تک کہ جلد کا کینسر بھی لاحق ہو سکتا ہے۔

’کچھ کریں اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے‘

گلوکار نے اپیل کی کہ ان بچوں کو تعلیم دی جائے، انہیں ایسے نقصان دہ کاموں سے روکا جائے اور ان کے لیے محفوظ مستقبل یقینی بنایا جائے۔ ان کی پوسٹ پر کئی صارفین نے اتفاق کیا اور حکومت سے کارروائی کا مطالبہ کیا، جبکہ کچھ نے لاہور میں بھی اسی طرح کے بچوں کی موجودگی کی اطلاع دی۔

سوشل میڈیا پر عوامی ردعمل

سوشل میڈیا پر بلال کی پوسٹ کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا اور عوام کی جانب سے مطالبہ سامنے آیا کہ بچوں کو اس غیر انسانی عمل سے نجات دلانے کیلئے فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں۔ کئی صارفین نے اسے بچوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ٹی وی شو میں جیتی کار لینے پر کتنے پاپڑ بیلنے پڑے؟ ایاز سموں نے حقیقت بتادی

Most Popular