بلاول بھٹو کا پاک فضائیہ کو خراج تحسین
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان ایئر فورس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے پوری قوم کا فخر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی افواج اگرچہ تعداد میں زیادہ ہیں، مگر ان میں وہ جذبہ، غیرت اور حب الوطنی نہیں جو پاکستانی فوج اور عوام کا خاصہ ہے۔ بلاول نے کہا کہ بھارتی طیارے گرانے والے پاکستانی شاہینوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔
بھارت کی جارحیت اور پاکستان کا مؤثر جواب
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نے ایک بار پھر نریندر مودی کی انتخابی سیاست کے لیے خطے کا امن خطرے میں ڈالا، مگر پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف مؤثر دفاع کیا بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف بھارتی جنگی طیارے مار گرائے بلکہ دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔
سیاسی قیادت کا یکجہتی کا پیغام
بلاول بھٹو نے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی دفاع کے معاملے پر مکمل اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب وطن کی بات آتی ہے تو پوری قوم ایک پیج پر ہوتی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم، آرمی چیف، اور پوری عسکری قیادت کے فیصلوں کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو دکھا دیا گیا ہے کہ پاکستان پر حملہ کرنے والوں کو ہر بار خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
عالمی برادری سے بھارتی جارحیت کا نوٹس لینے کا مطالبہ
بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی حالیہ جارحیت، معصوم پاکستانیوں کی شہادت، اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا رویہ نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے، اور اگر اسے روکا نہ گیا تو کسی بڑی جنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
کشمیر اور پانی کے مسئلے پر دوٹوک مؤقف
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی نکتہ ہے اور وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت سندھ طاس معاہدہ توڑتا ہے تو پاکستان کو بھی شملہ معاہدے پر نظرثانی کا مکمل اختیار ہے۔ پاکستان اپنے آبی حقوق اور کشمیریوں کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:کل رات ہندوستان کا ہوش ٹھکانے آگیا ہے اور ہمارے دوستوں کو بھی پتہ چل گیا ہے کہ پاکستان ایک فولادی فوج رکھتا ہے

