آپریشن بنیان المرصوص کا آغاز
پاکستان نے بھارت کی جانب سے جاری جارحیت کے جواب میں مؤثر کارروائی کرتے ہوئے آپریشن ‘بنیان المرصوص’ (آہنی دیوار) کا آغاز کر دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن فجر کے وقت شروع کیا گیا، جس کے دوران “فتح ون” میزائل فائر کیا گیا، جس نے بھارت کے اندر موجود حساس تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ان اہداف میں ادھم پور، پٹھان کوٹ ائیربیس اور براہموس میزائل اسٹوریج شامل ہیں۔
بھارت کے 12 اہداف کو نشانہ بنایا گیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس جوابی کارروائی کے دوران بھارت کے اندر اب تک 12 مختلف اہم اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ یہ تمام اہداف بھارت کی عسکری صلاحیت کے بنیادی ستون سمجھے جاتے ہیں، جنہیں تباہ کر کے پاکستان نے دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس طلب کرلیا
صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی (NCA) کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ یہ اتھارٹی نہ صرف جوہری پالیسیوں پر اختیار رکھتی ہے بلکہ قومی سلامتی کے بڑے فیصلے بھی اسی فورم پر طے پاتے ہیں۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ دفاعی حکمت عملی، آپریشن کی پیشرفت اور ممکنہ بھارتی ردعمل کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا کردار اور اہمیت
یہ اتھارٹی پاکستان کی جوہری کمانڈ اور کنٹرول کا اعلیٰ ترین ادارہ ہے جو جنگی حالات میں دفاعی پالیسیوں کو حتمی شکل دیتی ہے۔ وزیر اعظم کی سربراہی میں ہونے والا یہ اجلاس اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ملک انتہائی سنجیدگی اور مکمل تیاری کے ساتھ صورتحال کا سامنا کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کل رات ہندوستان کا ہوش ٹھکانے آگیا ہے اور ہمارے دوستوں کو بھی پتہ چل گیا ہے کہ پاکستان ایک فولادی فوج رکھتا ہے

