پاکستان نے دفاع میں جواب دیا
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی اور میزائل حملوں کے بعد جوابی کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں اور کافی صبر کے بعد مجبوراً کارروائی کی، کیونکہ بھارت نے جھوٹ بول کر حملہ کیا اور چار میزائل داغے، جن میں سے تین بھارت میں گرے اور ایک پاکستان میں آ کر تباہ کیا گیا۔
امریکی وزیر خارجہ کو واضح پیغام دیا گیا
اسحاق ڈار کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کو بتایا گیا کہ اگر بھارت مزید حملہ نہیں کرتا تو پاکستان بھی حملے بند کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے کسی بھارتی تنصیب پر حملہ نہیں کیا لیکن بھارتی اقدام کے بعد ہماری طرف سے آپریشن “بنیان المرصوص” کے تحت ردعمل دیا گیا۔
عالمی رہنماؤں سے رابطے اور سیز فائر کی اپیل
ڈار نے کہا کہ ان کی سعودی عرب سمیت کئی ملکوں کے وزرائے خارجہ سے بات ہوئی، جنہوں نے پاکستان سے سیز فائر کی درخواست کی۔ اس پر وزیر خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان نے تو ابھی کچھ بھی نہیں کیا، صرف دفاعی جواب دیا ہے، تو سیز فائر کی بات قبل از وقت ہے۔
ہاٹ لائن پر پیغامات کا تبادلہ
اسحاق ڈار نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہاٹ لائن کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے تاکہ کشیدگی کو قابو میں رکھا جا سکے۔
اہم بھارتی تنصیبات نشانے پر
واضح رہے کہ پاکستان کی جوابی کارروائی میں ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ کے ایئربیسز سمیت کئی بھارتی فوجی مقامات کو تباہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی اور ملٹری سیٹلائٹ پر سائبر حملے کیے گئے، جبکہ وزیر اعظم مودی کی ریاست گجرات میں پاکستانی ڈرونز کی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔ پاکستان نے بھٹنڈا ایئر فیلڈ کو بھی مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا۔

