Monday, December 1, 2025
ہومPoliticsآپریشن بُنيان مرصوص کی کامیابی کے بعد ملک بھر میں شہری سڑکوں...

آپریشن بُنيان مرصوص کی کامیابی کے بعد ملک بھر میں شہری سڑکوں پر نکل آئے، مٹھائیاں تقسیم

جشن کا سماں، عوام کا جذبہ دیدنی

بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے کیے گئے کامیاب آپریشن “بُنيان مَرصوص” کے بعد ملک بھر میں عوام سڑکوں پر نکل آئے، جشن منایا گیا اور خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ ہر گلی، ہر کوچہ پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، اور عوام کا جوش و خروش قابل دید تھا۔

اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں جوشیلے مناظر

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور ملک کی فتح کا جشن بھرپور انداز میں منایا۔ کراچی میں مختلف علاقوں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور شہریوں نے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کیے۔ زندہ دلان لاہور نے بھی سڑکوں پر بھنگڑے ڈالے، جگہ جگہ فتح کے کیک کاٹے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

سول سوسائٹی کی ریلی اور خراجِ تحسین

لاہور میں استنبول چوک سے پنجاب اسمبلی تک سول سوسائٹی نے فتح ریلی نکالی، جس میں شہریوں نے پاک فوج کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جنگ کو اعصاب پر سوار نہیں ہونے دیا، اور معمولاتِ زندگی بھی متأثر نہیں ہونے دیے۔

بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں بھی جوش و خروش

کوئٹہ میں شہریوں نے پاک فوج کی فتح پر مٹھائیاں تقسیم کیں اور کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، لیکن جارحیت کا جواب دینا بھی جانتا ہے۔ ملتان میں عوام نے ائیرپورٹ چوک پر اکٹھے ہوکر جشن منایا اور پاک فوج کی اس کامیاب ٹیکٹیکل کارروائی کو سراہا۔

سیالکوٹ کے شہریوں نے فوجی جوانوں کو گلدستے پیش کیے

سرحدی شہر سیالکوٹ میں شہریوں نے پاک فوج کے جوانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، انہیں ہار پہنائے اور گلدستے پیش کیے۔ عوام نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے جبکہ پاک فوج کے جوانوں نے بھی پاکستان زندہ باد کے نعروں سے جواب دیا۔

عوام کی یک زبان آواز: امن چاہتے ہیں مگر جواب دینا جانتے ہیں

ملک بھر میں شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم بھارت سے جنگ نہیں چاہتے، لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ آپریشن بُنيان مَرصوص نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان دفاع میں نہ صرف تیار بلکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو نیست و نابود کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

Most Popular