فوجی آپریشن کا تفصیلی احوال
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اتوار کو پاکستان ایئر فورس اور نیوی کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کی جارحیت کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے تحت پاکستان نے بھارت کے اندر 26 عسکری تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جن میں دو مقامات پر بھارت کے فضائی دفاعی نظام ایس-400 کو بھی تباہ کیا گیا۔
سیزفائر کی حقیقت اور بھارتی دعوے
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واضح کیا کہ سیزفائر کی خواہش بھارت کی طرف سے آئی تھی، پاکستان نے کوئی درخواست نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے کوئی بھارتی پائلٹ حراست میں نہیں ہے اور دشمن کو یہ پیغام دیا گیا کہ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ کیا گیا تو جواب شدید، محدود اور پاکستان کے منتخب کردہ وقت اور مقام پر ہوگا۔
بھارتی تنصیبات پر مہارت سے حملے
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج نے بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے والی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ بیاس اور نگروٹہ میں براہموس میزائل اسٹوریج اسٹیشنز، پونچھ میں بھارتی ریڈار، اور سورَت گڑھ، سرسہ، بھُوج، سری نگر، ماموں، امبالہ سمیت دیگر مقامات پر اہداف کو تباہ کیا گیا۔
سائبر وار اور معلوماتی جنگ میں کامیابی
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں نے سائبر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے محاذ پر شاندار کردار ادا کیا۔ پاکستانی میڈیا نے بھی بھارتی پروپیگنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حملے اس انداز سے کیے گئے کہ سول آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔
نیوی اور ایئر فورس کی تیاری
وائس ایڈمرل رب نواز نے بتایا کہ پاکستان نیوی مکمل طور پر الرٹ اور تیار تھی۔ انہوں نے کہا کہ آئی این ایس وکرانت کی نقل و حرکت کا پہلا دن سے مانیٹرنگ کی گئی، اور اگر وہ 400 ناٹیکل میل کے فاصلے پر پہنچا تو بھی ہماری بحریہ مکمل جواب دینے کے لیے تیار تھی۔
فضائی برتری کا مظاہرہ
ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے اپنے منتخب کردہ وقت پر بھرپور جواب دیا اور بھارت کی جارحیت کو 0-6 سے شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ڈرونز کے ذریعے سویلینز کو نشانہ بنایا، لیکن پاکستان ایئر فورس نے بھارتی حملہ آور طیارے مار گرائے اور دفاعی تنصیبات کو کامیابی سے تباہ کیا۔
پاکستان کی فتح کا اعتراف دنیا بھر میں
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی اور عالمی میڈیا کی رپورٹس پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ساری دنیا نے پاکستانی حملوں کو رپورٹ کیا اور یہ تسلیم کیا کہ پاکستان نے دفاعی اہداف کو نشانہ بنایا، سول آبادی کو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج کے پاس جدید صلاحیتیں ہیں جن کا محدود استعمال کیا گیا جبکہ باقی آئندہ کے لیے محفوظ رکھی گئی ہیں۔
داخلی دہشت گردی میں اضافہ اور عزم کا اظہار
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ جب مشرقی سرحد پر افواج مصروف تھیں، اس دوران بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی میں اضافہ ہوا۔ تاہم، پاک فوج ہر محاذ پر تیار اور عوام کے ساتھ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چھے اور 7 مئی کو بھارت نے پاکستان پر حملے کی غلطی کی جس کا اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑا: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف