سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری افواج نے جس جرأت اور یکجہتی سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے جنگی عزائم کو ناکام بنایا، وہ قابلِ فخر ہے، مگر مجھے اندیشہ ہے کہ مودی حکومت اس ہزیمت کے بعد مزید کوئی حماقت کر سکتی ہے، جس کے لیے ہمیں بطور قوم ہر لمحہ تیار رہنا چاہیے۔
عمران خان کا یہ بیان پاک فوج کی جانب سے “آپریشن بنیان مرصوص” کے تناظر میں سامنے آیا، جس میں افواجِ پاکستان نے بھارت کی مبینہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ عمران خان نے کہا کہ بھارت کی موجودہ قیادت نہ صرف خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے بلکہ وہ اندرونی سیاسی مفادات کے لیے جنگی ماحول پیدا کرنے سے بھی گریز نہیں کر رہی۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی عوام اور تمام ریاستی اداروں کو چوکنا رہنا ہوگا کیونکہ کسی بھی ممکنہ بھارتی اقدام کا مقابلہ صرف فوج ہی نہیں بلکہ پوری قوم کی اجتماعی مزاحمت سے ہی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے، لیکن بھارت کی جنگی جنونیت ہمیں مزید کسی بڑی مہم جوئی کے لیے تیار رہنے کا اشارہ دے رہی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی سالمیت اور قومی خودداری کا تقاضہ ہے کہ ہم اندرونی اختلافات سے بالاتر ہو کر اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان نے ایک بار پھر پولی گراف ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا

