اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ “فتنۃ الخوارج” کے 14 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے دتہ خیل میں انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی پشت پناہی سے سرگرم فتنہ الخوارج کے ان دہشت گردوں کا خاتمہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ حکومت اور افواج پاکستان ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحد و پرعزم ہیں۔ دہشت گردی کو پاکستان کی ترقی اور امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ انسانیت کے دشمن ہیں، جن کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر تمام شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت نے بلوچستان میں تمام دہشتگرد تنظیموں کو فتنتہ الہندوستان کا نام دے دیا