صحت مند خوراک کا شوق رکھنے والوں کے لیے خوشخبری
عیدالاضحیٰ کے موقع پر اکثر افراد چکناہٹ سے بھرپور گوشت سے تیار کھانوں سے احتراز برتنا چاہتے ہیں، خاص طور پر وہ لوگ جو دل یا کولیسٹرول کے مسائل رکھتے ہیں یا وزن کم کرنے کی کوشش میں ہیں۔ ایسے افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ اب آپ بغیر تیل یا گھی کے بھی بکرے یا گائے کا گوشت نہایت مزیدار طریقے سے پکا سکتے ہیں۔
تیاری کا آسان اور سادہ طریقہ
اس خاص ترکیب کے لیے آپ کو سب سے پہلے ایک گہرے پین میں ایک لیٹر پانی لینا ہوگا۔ اس پانی میں دو بڑی الائچیاں اور تین جوے لہسن کے شامل کریں اور اس مرکب کو ڈھک کر ابالنے کے لیے رکھ دیں۔
مصالحے اور گوشت شامل کریں
جب پانی میں ابال آ جائے تو اس میں دو سوکھی لال مرچیں شامل کریں۔ اس کے بعد ایک کلو گائے یا بکرے کا گوشت ڈال دیں اور تیز آنچ پر پکنے دیں۔ اسی دوران آدھا چائے کا چمچ ثابت کالی مرچ بھی شامل کریں۔
جھاگ صاف کرنا نہ بھولیں
گوشت کے گلنے کے دوران جو جھاگ پین میں بنے، اسے کسی کپ یا چمچ کی مدد سے ہٹا دیں تاکہ ذائقہ صاف اور بہتر رہے۔
مزید مصالحہ شامل کریں اور پکنے دیں
اب اس میں آدھا چائے کا چمچ نمک، آدھی چائے کی چمچ پسی لال مرچ، زیرہ پاوڈر اور دو ہری مرچیں شامل کریں۔ اسے اچھی طرح مکس کر کے درمیانی آنچ پر ڈھک کر پکنے دیں۔ تقریباً 20 سے 25 منٹ میں یخنی اوپر آ جائے گی۔
پانی خشک کریں اور ڈش مکمل کریں
پانی جب تقریباً خشک ہو جائے تو چیک کریں کہ گوشت اچھی طرح گل گیا ہے یا نہیں۔ اگر گوشت گل گیا ہو اور پانی بھی خشک ہو جائے تو آخر میں گرم مصالحہ پاوڈر چھڑک دیں۔ آپ کی بغیر گھی اور تیل سے تیار کردہ لذیذ اور صحت بخش ڈش تیار ہے۔
نوٹ
یہ ترکیب معروف شیف اعجاز انصاری کی ہدایت پر مبنی ہے۔