ہندوستان دہشتگردی کا سرپرست ہے: فیلڈ مارشل کا دوٹوک پیغام
راولپنڈی میں 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا سرپرست ہندوستان ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے نہ پہلے کبھی اس کی اجارہ داری قبول کی اور نہ آئندہ کرے گا۔ ان کے مطابق، معرکۂ حق میں پاکستان نے ہر محاذ پر ہندوستان کی بلا جواز جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
ملک کی ترقی کے لیے عوام، حکومت اور افواج میں ہم آہنگی ضروری ہے
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و کامیابی کے لیے عوام، حکومت اور افواج کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول سروس افسران پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نظام کو مضبوط رکھیں اور پاکستانیت کو ترجیح دیں۔
افغانستان سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، لیکن دہشتگردوں کو پناہ نہ دیں
انہوں نے افغانستان کو برادر اسلامی ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اچھے تعلقات کا خواہاں ہے لیکن افغانستان سے مطالبہ ہے کہ وہ “فتنہ الہندوستان” اور “فتنہ الخوارج” جیسے دہشتگرد گروہوں کو پناہ نہ دے۔
کردار کو قابلیت اور جرات پر فوقیت دیجیے
فیلڈ مارشل نے افسران پر زور دیا کہ وہ جرات، قابلیت اور کردار پیدا کریں اور اگر ان میں سے کسی ایک کو چننا ہو تو ہمیشہ کردار کو فوقیت دیں۔ انہوں نے کہا کہ جو اقوام اپنی تاریخ کو بھول جاتی ہیں، ان کا مستقبل تاریک ہو جاتا ہے۔
پاکستان کی تاریخ سے جڑیں اور نئی نسل کو آگاہ کریں
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کہانی اور تاریخ کو جاننا اور نئی نسلوں تک پہنچانا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے محبت اور وفاداری بنیادی شرط ہے اور یہی پہچان مضبوط پاکستان کی بنیاد بن سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:قومی اسمبلی نے آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ منظور کرلیا