مائیکروسافٹ نے ایک نئی تنظیمی حکمت عملی کے تحت تقریباً 9,000 ملازمین کو برطرف کر دیا ہے، جس کے بعد سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر فارغ کیے گئے ملازمین کی تعداد 15,000 کے قریب پہنچ چکی ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کمپنی نے حال ہی میں ریکارڈ منافع کمایا ہے اور اس کی مارکیٹ ویلیو 3.65 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، یہ برطرفیاں کمپنی کے کئی شعبوں پر اثر انداز ہوئی ہیں، جن میں Xbox ڈویژن بھی شامل ہے۔ مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ وہ خود کو مصنوعی ذہانت (AI) سے چلنے والی مارکیٹ میں مؤثر طریقے سے ڈھال سکے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ مائیکروسافٹ کے مطابق، اس وقت کمپنی میں تیار ہونے والے تقریباً 30 فیصد کوڈ مصنوعی ذہانت کی مدد سے لکھا جا رہا ہے، اور 2030 تک یہ شرح 95 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔ یہ پیشرفت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ آنے والے وقتوں میں مختلف صنعتوں میں انسانی ملازمتوں کی جگہ AI تیزی سے لے سکتا ہے۔
اس فیصلے نے ٹیکنالوجی سے وابستہ کارکنوں اور ماہرین کے درمیان اس بات پر گہری تشویش پیدا کر دی ہے کہ آیا مستقبل میں روزگار کے مواقع کم ہوتے جائیں گے اور مشینیں انسانی کرداروں کو مکمل طور پر بدل دیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:مارک زکربرگ کا فیس بک میں چند بڑی تبدیلیاں کرنے کا اعلان