دبئی نے ایک اور قابلِ تعریف اقدام کرتے ہوئے نجی تعلیمی شعبے کے اساتذہ اور ماہرین تعلیم کے لیے اپنے باوقار گولڈن ویزا پروگرام کو وسعت دے دی ہے۔ اکتوبر 2024 میں اعلان کردہ یہ اقدام اُن اساتذہ، پرنسپلوں اور تعلیمی رہنماؤں کے لیے ہے جنہوں نے تعلیم کے میدان میں جدت، معیار اور قیادت کے ذریعے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
یہ پروگرام دبئی کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت اساتذہ کو معاشرے کے حقیقی معمار تسلیم کیا جاتا ہے۔ گولڈن ویزا ان اساتذہ کو طویل المدتی رہائش فراہم کرتا ہے جو مستقل طور پر تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور نئی نسل کی تربیت میں مصروف ہیں۔ یہ اقدام انسانی ترقی میں سرمایہ کاری اور علم و تعلیم کے فروغ کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
:اہلیت کے معیار
یہ موقع صرف تدریس تک محدود نہیں، بلکہ اس میں پرنسپل، نرسری یا ابتدائی مراکز کے منتظمین، تعلیمی سربراہان، ڈینز اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے سینئر فیکلٹی ممبران بھی شامل ہیں۔ دبئی کے نجی اسکولوں، نرسریوں اور بین الاقوامی جامعات میں خدمات انجام دینے والے اہل امیدوار اپنی کارکردگی اور تعلیمی معیار کی بنیاد پر درخواست دے سکتے ہیں۔
:بنیادی شرائط
درخواست دہندگان کی جانچ اُن کی پیشہ ورانہ کامیابیوں، تدریسی معیار اور سماجی کردار کی بنیاد پر کی جائےگی۔ انتخاب کے اہم نکات درج ذیل ہیں
تعلیم اور طلبہ کی کامیابی میں نمایاں کردار
طلبہ، والدین اور نگرانوں کی جانب سے مثبت رائے
تعلیمی اداروں کے معیار میں بہتری کا ثابت شدہ ریکارڈ
سماجی و تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لینا
انعامات، تحقیقی کام یا پیشہ ورانہ کامیابیوں کے ذریعے نُمایاں کارکردگی
دبئی کا یہ اقدام واضح کرتا ہے کہ تعلیم صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ ترقی کی بنیاد ہے۔ گولڈن ویزا پروگرام کے ذریعے دبئی اُن افراد کو سراہ رہا ہے جو علم اور مستقبل دونوں کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2026 پاکستان پرائیویٹ اسکیم کا اعلان

