Monday, September 8, 2025
ہومPoliticsاداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل، والد نے میت...

اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل، والد نے میت لینے سے انکار کر دیا

کراچی (نیوز کف): ڈیفنس فیز 6 کراچی کے ایک فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے، تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ مرحومہ کے والد نے بیٹی کی میت وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق، حمیرا اصغر کا تعلق لاہور سے تھا اور وہ 2018 سے اس فلیٹ میں مقیم تھیں۔ 2024 سے کرایہ ادا نہ کرنے پر مکان مالک نے قانونی کارروائی کی۔ عدالتی حکم پر جب پولیس فلیٹ خالی کرانے پہنچی تو دروازہ بند تھا، جسے توڑ کر داخل ہونے پر اداکارہ کی لاش ملی۔ بعد ازاں فلیٹ کو عدالتی بیلف نے سیل کر دیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کا کہنا ہے کہ اداکارہ کے موبائل فونز قبضے میں لے لیے گئے ہیں، جن سے ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے۔ موت کی حتمی وجہ کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ کے بعد معلوم ہو سکے گی۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اداکارہ کے اہلِ خانہ، خصوصاً والد اور بھائی سے رابطہ کیا گیا تاہم والد نے کراچی آنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈیڑھ سے دو سال پہلے حمیرا سے تعلق ختم کر دیا تھا۔ پولیس نے والد کو قائل کرنے کی کوشش کی لیکن بعد ازاں ان کی طرف سے مزید کوئی جواب نہیں آیا۔

ایس ایس پی کے مطابق شوبز انڈسٹری سے بھی اب تک کسی نے پولیس سے کوئی رابطہ نہیں کیا، اور نہ ہی پڑوسیوں نے حمیرا کو حالیہ دنوں میں آتے جاتے دیکھا تھا۔

Most Popular