آخری ملاقات اور خوشگوار گفتگو
کراچی کے ڈیفنس فیز 6 کے فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر سے متعلق اسٹائلسٹ دانش مقصود نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی حمیرا سے آخری ملاقات اکتوبر 2023 میں ایک فوٹو شوٹ کے دوران ہوئی تھی۔ دانش کے مطابق اس شوٹ کے بعد حمیرا کافی خوش تھیں اور انہوں نے کام کی تعریف بھی کی تھی۔
رابطے کی کوششیں اور خاموشی
دانش کا کہنا تھا کہ بعد میں اُن کی ٹیم نے سوشل میڈیا پر فوٹو شوٹ کی تصاویر پر کولیبریٹ کی ریکوئسٹ بھیجی، لیکن کوئی جواب نہ آیا۔ کالز اور واٹس ایپ پیغامات بھی بھیجے گئے، مگر حمیرا کی طرف سے کوئی ردعمل نہ ملا، جس پر تشویش پیدا ہوئی۔
لاپتہ ہونے کی اطلاع اور میڈیا کی عدم توجہ
دانش نے بتایا کہ مسلسل خاموشی کے بعد انہوں نے کچھ سوشل میڈیا پبلیکیشنز سے رابطہ کرکے حمیرا کے لاپتہ ہونے سے متعلق آگاہ کیا، لیکن ان پلیٹ فارمز نے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور نہ ہی شوبز انڈسٹری نے کوئی خاص ردعمل ظاہر کیا۔
لاش کی دریافت اور تحقیقات
واضح رہے کہ گزشتہ روز اداکارہ حمیرا کی کئی روز پرانی لاش ڈیفنس کے فلیٹ سے ملی تھی، جو انہوں نے 2018 میں کرائے پر لیا تھا۔ فلیٹ کا کرایہ 2024 سے ادا نہیں کیا جا رہا تھا، جس پر مالک نے عدالت سے رجوع کیا۔ عدالتی حکم پر پولیس جب فلیٹ خالی کرانے پہنچی تو دروازہ لاک تھا۔ دروازہ توڑ کر داخل ہونے پر حمیرا کی لاش ملی۔
فلیٹ سیل، تحقیقات جاری
واقعے کے بعد عدالتی بیلف نے فلیٹ کو سیل کر دیا ہے اور پولیس مختلف پہلوؤں سے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ اداکارہ کا تعلق لاہور سے تھا، مگر وہ کراچی میں اکیلی رہائش پذیر تھیں۔
یہ بھی پڑھیں:اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل، والد نے میت لینے سے انکار کر دیا