دبئی میں بھارت کی کیرالہ کمیونٹی کی جانب سے منعقد کیے گئے ایک تقریب میں پاکستان کے معروف کرکٹرز شاہد آفریدی اور عمر گل کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا، جس پر بھارتی انتہا پسند طبقے میں شدید غصہ پایا گیا۔
اس تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ کیرالہ کے بھارتی شرکاء شاہد آفریدی سے نہ صرف پُرجوش انداز میں مصافحہ کر رہے تھے بلکہ ان کے حق میں تالیاں اور نعرے بھی لگا رہے تھے۔ عمر گل کو بھی شاندار پذیرائی ملی۔
سوشل میڈیا پر ایک بھارتی صحافی نے اس تقریب پر اعتراض کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا بھارتی کمیونٹی کو میزبانی کے لیے کوئی بھارتی کھلاڑی نہیں ملا؟ اس تنقید کے بعد سوشل میڈیا پر تنازعہ شدت اختیار کرگیا، کئی بھارتی صارفین نے تقریب کے منتظمین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
دوسری طرف، پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے تقریب میں شرکت کو ایک مثبت اقدام سمجھا گیا جہاں انہوں نے کھیل کو سیاست سے بالاتر رکھنے کا پیغام دیا۔