آسٹریلوی کھلاڑیوں کی واپسی کی تیاری
پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے باعث انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شریک آسٹریلوی کرکٹرز نے بھارت چھوڑنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ آسٹریلین میڈیا کے مطابق کھلاڑی اپنی سیکیورٹی کو لے کر پریشان ہیں اور فوری طور پر بھارت سے نکلنے کے لیے فلائٹس کی تلاش کر رہے ہیں۔
آج یا کل واپسی متوقع
رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی کرکٹرز آج یا کل دبئی یا اپنے وطن واپس جانا چاہتے ہیں، جب کہ کچھ کھلاڑیوں کی ہفتے کے روز واپسی بھی متوقع ہے۔ پاک بھارت ممکنہ جنگی صورتحال نے غیر ملکی کھلاڑیوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔
آئی پی ایل ملتوی ہونے کا خدشہ
آسٹریلین میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث انڈین پریمیئر لیگ کے جاری ایڈیشن کے ملتوی ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ خاص طور پر دھرم شالہ میں میچ کے بعد کئی کھلاڑیوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے۔
آئی پی ایل میں شامل نمایاں آسٹریلوی شخصیات
آئی پی ایل 2025 میں مجموعی طور پر 15 آسٹریلوی کھلاڑی شریک ہیں جن میں معروف فاسٹ بولر پیٹ کمنز بھی شامل ہیں۔ رکی پونٹنگ اور جسٹن لینگر جیسے سابق آسٹریلوی کھلاڑی لیگ میں بطور کوچ خدمات انجام دے رہے ہیں۔
بھارتی جارحیت کا اثر کھیلوں پر بھی
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف مسلسل جارحیت کے اثرات اب کھیلوں پر بھی پڑنے لگے ہیں۔ آئی پی ایل کے کئی میچز متاثر ہو چکے ہیں اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی ممکنہ واپسی سے ایونٹ کو شدید دھچکہ لگ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی سرکاری میڈیا نے تصدیق کی: دہلی ایئرپورٹ پر 90 پروازیں منسوخ، 27 ہوائی اڈے بند