پاکستانی ٹی وی شو میں جیتی کار لینے پر کتنے پاپڑ بیلنے پڑے؟ ایاز سموں نے حقیقت بتادی
اداکار اور کامیڈین ایاز سموں نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران اپنے شوبز کیریئر کے آغاز اور ذاتی تجربات پر مبنی کئی دلچسپ انکشافات کیے، جن میں سب سے توجہ طلب بات پاکستان کے ایک نجی ٹی وی شو میں جیتی گئی قیمتی کار سے متعلق تھی۔
بھارت میں کیریئر کا آغاز، پاکستان میں شناخت
ایاز سموں نے بتایا کہ انہوں نے کیریئر کا آغاز بھارت کے مشہور کامیڈی شو ’’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج 2‘‘ سے کیا، یہ پہلا موقع تھا جب کسی پاکستانی اسٹینڈ اپ کامیڈین نے اس شو میں حصہ لیا۔ اس کے بعد وہ ’’کامیڈی کا کنگ کون‘‘ جیسے بڑے بھارتی شو میں نمایاں رہے اور نہ صرف پہلا انعام 10 لاکھ روپے جیتا بلکہ قسطوں کے حساب سے 18 لاکھ روپے کا معاوضہ بھی حاصل کیا۔
پاکستان میں جیتی گاڑی، مگر حاصل کرنے میں مشکلات
ایاز سموں نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ سال 2007 میں انہوں نے پاکستان کے ایک نجی ٹی وی شو میں قیمتی گاڑی جیتی جس کی اُس وقت قیمت 8 لاکھ 53 ہزار روپے تھی۔ لیکن کار جیتنے کے بعد انہیں دو ماہ تک گاڑی فراہم نہیں کی گئی۔ انہیں صرف زبانی وعدہ دیا گیا کہ 15 دن میں گاڑی ملے گی۔
چینل کی آدھی قیمت کی پیشکش، انکار اور جیت
اداکار کے مطابق، بعد میں انہیں چینل کی جانب سے گاڑی کی آدھی قیمت کیش میں لینے کی پیشکش کی گئی جسے انہوں نے مسترد کر دیا۔ حتیٰ کہ انہیں ایک سستی گاڑی لینے کا مشورہ بھی دیا گیا، مگر انہوں نے مسلسل دباؤ کے باوجود اصل انعام سے پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ کیا۔
آخرکار انصاف ملا
ایاز سموں نے بتایا کہ ان کے مسلسل مطالبے اور سخت مؤقف کے بعد بالآخر چینل کے مالک اور اعلیٰ افسران نے مداخلت کی اور انہیں وہی قیمتی گاڑی فراہم کی گئی جو انہوں نے شو میں جیتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:یش نوین کمار گوڈا کا چائے فروش سے سپر اسٹار تک کا شاندار سفر