عید پر فرنٹ لائن کا دورہ اور افواج کی تیاریوں پر اظہارِ اعتماد
فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے عید الاضحیٰ کے موقع پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور جوانوں کے ساتھ عید منائی۔ نماز عید کے بعد ملک کے امن، خوشحالی اور شہداء کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
قومی فریضے کی تکمیل میں عید کی قربانی
فیلڈ مارشل نے فرنٹ لائن پر موجود افسران و جوانوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ خاندانوں سے دور رہ کر مادرِ وطن کے دفاع کے لیے فرنٹ لائن پر عید منانا قومی مقصد کی تکمیل ہے، جو ہر وقت جاری رہتا ہے۔
آپریشن بنیان مرصوص کی تعریف اور شہداء کو خراج عقیدت
انہوں نے “آپریشن بنیان مرصوص” کے دوران فارمیشن کی کارکردگی کو سراہا اور شہداء و غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بھارتی خلاف ورزیوں کا مؤثر جواب، افواج کی تیاری قابلِ تحسین
خطاب کے دوران جنرل عاصم منیر نے کہا کہ افواج پاکستان نے معصوم شہریوں کے نقصان کا مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے فوج کی آپریشنل تیاری، بلند حوصلے اور بھارتی سیز فائر خلاف ورزیوں پر مؤثر ردعمل پر مکمل اعتماد ظاہر کیا۔
کشمیر کاز پر دو ٹوک مؤقف
فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہم کسی بھی جارحیت کو مؤثر طور پر روکنے اور شکست دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے باور کروایا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو فراموش نہیں کیا جائے گا اور مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور کبھی الگ نہیں ہوسکتا: ڈی جی آئی ایس پی آر