رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن آج ہوگا
پاکستان میں چاند گرہن دکھائی نہیں دے گا
محکمہ موسمیات کے مطابق، رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن 8 مارچ کو ہوگا، تاہم پاکستان میں اسے دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ چاند گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 11 منٹ پر ہوگا اور 8 بج کر 58 منٹ پر مکمل گرہن لگے گا۔
چاند گرہن کا مکمل دورانیہ
چاند مکمل طور پر گرہن میں 11 بجے آئے گا اور اس کا اختتام سہ پہر 3 بجے ہوگا۔ اس دوران آسمان سرخ رنگ کی روشنی سے منور ہوگا، جو ایک منفرد فلکیاتی نظارہ ہوگا۔
چاند گرہن کہاں دکھائی دے گا؟
یہ چاند گرہن شمالی اور جنوبی امریکا میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا، جبکہ پاکستان میں دن کے وقت ہونے کی وجہ سے اس کا مشاہدہ ممکن نہیں ہوگا۔
چاند گرہن کیسے ہوتا ہے؟
چاند گرہن اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب زمین، سورج اور چاند کے درمیان آ جاتی ہے، جس سے چاند زمین کے سائے میں چلا جاتا ہے۔ چاند گرہن کو بغیر کسی حفاظتی چشمے کے دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ یہ بصارت کے لیے مضر نہیں ہوتا۔
سورج گرہن کب ہوگا؟
محکمہ موسمیات کے مطابق، رواں سال کا پہلا سورج گرہن 29 مارچ کو ہوگا، تاہم یہ پاکستان میں دکھائی نہیں دے گا۔
یہ بھی پڑھیں:مریخ کا سرخ رنگت کا راز فاش سائنسدانوں نے اصل وجہ دریافت کرلی