Saturday, April 19, 2025
ہومPoliticsفرانس 2025 میں فلسطین کو ریاست تسلیم کرے گا، صدر میکرون کا...

فرانس 2025 میں فلسطین کو ریاست تسلیم کرے گا، صدر میکرون کا اعلان

فرانس 2025 میں فلسطین کو ریاست تسلیم کرے گا، صدر میکرون کا اعلان

فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے عندیہ دیا ہے کہ ان کا ملک جون 2025 میں فلسطین کو ایک آزاد اور
خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس اعلان کا مقصد مشرق وسطیٰ میں دو ریاستی حل کو فروغ دینا ہے، اور اس سلسلے میں ایک عالمی کانفرنس کا انعقاد نیویارک میں سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ قیادت میں متوقع ہے۔

صدر میکرون نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ یہ قدم محض رسمی نہیں ہوگا بلکہ عالمی سطح پر ایک مربوط حکمت عملی کا حصہ ہوگا، جس کا مقصد خطے میں پائیدار امن قائم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی پاسداری کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی سلامتی بھی اس حکمت عملی کا بنیادی جز ہے۔ البتہ ایران اور حماس نے اس موقف کی مخالفت کی ہے اور اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔

فلسطینی وزیر خارجہ نے فرانسیسی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی حمایت میں ایک درست اور مثبت قدم ہے۔ ادھر اسرائیل کی جانب سے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے، اور اسے دہشت گرد عناصر کو تقویت دینے کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا کے لگ بھگ 150 ممالک پہلے ہی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر چکے ہیں، جن میں آئرلینڈ، ناروے، اسپین اور سلووینیا جیسے یورپی ممالک شامل ہیں۔ تاہم امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور جاپان جیسے اہم عالمی طاقتوں نے تاحال اس بارے میں کوئی باضابطہ قدم نہیں اٹھایا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں حال ہی میں ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں فلسطینی ریاست کی حمایت میں 157 ممالک نے ووٹ دیا۔ اس قرارداد کے بعد فرانس کی جانب سے آنے والے یہ اشارے اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ پیرس اب فلسطین کے حق میں عملی قدم اٹھانے کے لیے سنجیدہ سوچ رکھتا ہے۔

Most Popular