اسکاٹ لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم میں پاکستان کے سابق کرکٹر کی نواسی شامل
پاکستانی نژاد مریم فیصل اسکاٹ لینڈ کی کرکٹ ٹیم کی ابھرتی ہوئی کھلاڑی
آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائیر کے لیے پاکستان میں موجود اسکاٹ لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم میں 19 سالہ مریم فیصل بھی شامل ہیں، جو پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر، منیجر اور سلیکٹر کرنل (ر) نوشاد کی نواسی ہیں۔ مریم فیصل اب تک 1 ون ڈے اور 6 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں اسکاٹ لینڈ کی نمائندگی کر چکی ہیں۔
نانا کی تربیت سے متاثر ہو کر کرکٹ کا سفر شروع کیا
لاہور میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مریم فیصل نے انکشاف کیا کہ ان کے کرکٹ کھیلنے کا محرک ان کے نانا تھے، جنہیں وہ پیار سے “بابا” کہتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بابا دبئی میں پاکستان ٹیم کے منیجر تھے، جب وہ اور ان کے جڑواں بھائی سری لنکا کے خلاف سیریز دیکھنے گئے تو انہیں کرکٹ سے دلچسپی ہوئی، حالانکہ ابتدا میں کرکٹ میں کوئی خاص شوق نہیں تھا۔
ناکامی کے بعد نانا کی حوصلہ افزائی نے نئی راہ دکھائی
مریم نے بتایا کہ انڈر 19 کرکٹ میں کارکردگی بہتر نہ ہونے پر نانا نے بہت حوصلہ دیا اور کہا کہ اگلا سیزن اچھا ہوگا۔ ان کے مطابق نانا نے کبھی کرکٹ کھیلنے پر زور نہیں دیا بلکہ ہمیشہ سپورٹ کیا کہ وہ کھیل میں آئیں اور اپنی پسند کی فیلڈ اپنائیں۔
پاکستان میں کھیلنا خواب کی تعبیر
مریم فیصل نے بتایا کہ پاکستان آ کر کھیلنا ان کے لیے ایک خواب کی تعبیر کے مترادف ہے۔ ان کے مطابق اپنے آبائی وطن میں میدان میں اترنا ایک الگ ہی فخر کا احساس دیتا ہے۔
دیسی لڑکیوں کے لیے پیغام
آخر میں مریم نے دیسی لڑکیوں کے لیے پیغام دیا کہ انہیں کھیلوں سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔ اگر آپ میں جذبہ ہو تو آپ دنیا کے کسی بھی کونے میں جا کر اپنا نام بنا سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:شاہد آفریدی دوسری بار نانا بن گئے: آفریدی نےنواسی کی آمد کا خیرمقدم کیا