عمران خان سمیت اشتہاری ملزمان کی بنی گالہ کی زرعی زمین نیلام
موہڑہ نور، بنی گالہ میں واقع 405 کنال زرعی اراضی فی کنال 34 لاکھ 20 ہزار روپے میں فروخت
اسلام آباد: القادر ٹرسٹ نیب ریفرنس میں اشتہاری قرار دیے گئے ملزمان کی جائیدادوں کی نیلامی کے عمل میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت دیگر ملزمان کی بنی گالہ میں موجود تین جائیدادوں میں سے ایک زرعی اراضی فروخت کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق، نیب کے القادر ٹرسٹ کیس میں اشتہاری ملزمان میں فرحت شہزاد عرف فرح گوگی بھی شامل ہیں۔ عدالت نے جنوری 2024 میں فرح گوگی، زلفی بخاری، شہزاد اکبر سمیت 6 افراد کو اشتہاری قرار دیا تھا۔
آج موہڑہ نور، بنی گالہ میں 405 کنال زرعی زمین فی کنال 34 لاکھ 20 ہزار روپے میں نیلام کی گئی۔ تاہم کلب روڈ پر موجود سولہ کنال کے موٹل کا پلاٹ اور 246 کنال زرعی زمین بولی میں فروخت نہ ہو سکی۔ یہ نیلامی اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ عزیر علی خان اور دیگر کمیٹی ممبران کی موجودگی میں مکمل ہوئی۔
نیلامی کا وقت صبح 11 بجے مقرر تھا، تاہم آکشن کمیٹی تقریباً 11:39 پر پہنچی۔ اس سے قبل اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ کی جانب سے نیلامی کا اشتہار جاری کیا گیا تھا، جس میں واضح کیا گیا تھا کہ موضع موہڑہ نور کی دو اراضی، ایک 248 کنال 8 مرلے اور دوسری 405 کنال 3 مرلے، نیلام کی جائیں گی۔
اشتہار میں شرائط کے مطابق، نیلامی میں حصہ لینے والوں کو 50 لاکھ روپے کا پے آرڈر چیئرمین نیب کے نام جمع کرانا لازمی تھا۔ نیلامی سے پہلے جائیداد کا معائنہ کرنے کی اجازت بھی دی گئی تھی۔ متعلقہ پٹواری کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ حصہ لینے والوں کو تمام تفصیلات فراہم کرے، جبکہ عمل ایولیوایشن کمیٹی کے طے کردہ ضوابط کے مطابق ہونا تھا۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کی مبینہ نیلامی کی خبر غیر متوقع ہے اور یہ کسی خفیہ کارروائی کا حصہ لگتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنی گالہ کے انتظامی عملے کو اس حوالے سے کچھ معلوم نہیں، تاہم پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم صورتحال کا باریکی سے جائزہ لے رہی ہے اور جلد حقائق سامنے لائے گی۔
بعد ازاں اپنی ایک اور پوسٹ میں سلمان اکرم راجا نے وضاحت دی کہ لیگل ٹیم کے مطابق نیب ریفرنس نمبر 19/2023، جو عام طور پر القادر ٹرسٹ کیس کے نام سے مشہور ہے، میں دیگر ملزمان کو مفرور اور اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔ آج کا شائع شدہ نیلامی نوٹس انہی ملزمان کی جائیداد سے متعلق ہے، اور ٹیم اس پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔